لاہور : پنجاب کے مختلف علاقوں میں ہونے والے ٹریفک حادثات کے باعث 7 افراد جاں بحق ہوگئے ، وزیراعلیٰ پنجاب نے حادثات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
تفصیلات کے مطابق دیپالپور میں اوکاڑہ روڈ پر ٹرک اور چینگ چی رکشہ میں تصادم ہوا ، جس کے نتیجے میں رکشہ میں سوار فاروق اس کی بیوی شہناز اور ان کا دس سالہ بیٹا عمران موقع پر ہی جان بحق ہوگیا جبکہ تین بچوں سمیت 4 افراد شدید زخمی ہوئے۔
حادثہ کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 کی دو ایمبولینسز نےجائے حادثہ پر پہنچ گئیں، ریسکیو ٹیمیں زخمیوں کو ٹی ایچ کیو اسپتال منتقل کیا تاہم ٹرک ڈرائیور موقع سے فرار ہوگیا۔
جان بحق ہونے والے خاندان اوکاڑہ کے نواحی علاقے جبوکہ کے رہائشی تھے۔
دوسری جانب ساہیوال میں بورےوالہ روڈ پر ٹرک اور ٹرالی میں تصادم کے نتیجے میں 4افرادجاں بحق ہوگئے ،ریسکیو ذرائع کا کہنا تھا کہ حادثہ ٹرک کی سڑک پر کھڑی ٹرالی سے ٹکر کے باعث پیش آیا۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے بورے والاروڈ اور دیپالپور میں حادثات پر اظہارافسوس کرتے ہوئے جاں بحق افرادکے لواحقین سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کیا اور حادثات کے بارے میں رپورٹ طلب کر لی۔