Todays News

پنجاب میں سینکڑوں دہشت گرد گرفتار


لاہور: صوبہ پنجاب میں محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) نے سینکڑوں دہشت گرد گرفتار کیے جبکہ شر انگیزی میں ملوث کئی سوشل میڈیا صفحات اور سائٹس بلاک کیں۔

تفصیلات کے مطابق محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی) پنجاب نے سنہ 2022 کی سالانہ کارکردگی رپورٹ جاری کردی۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ مختلف اضلاع سے 244 دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، گرفتار ملزمان کی نشاندہی پر انویسٹی گیشن ونگ نے مزید 246 دہشت گرد گرفتار کیے۔

حکام کے مطابق سوشل میڈیا پر شر انگیزی میں ملوث 114 ملزمان کو گرفتار کیا گیا۔

پاکستان ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) نے سی ٹی ڈی کی نشاندہی پر 74 ہزار سے زائد پیجز اور سائٹس بلاک کیں۔

حکام کا کہنا ہے کہ سی ٹی ڈی آپریشن ونگ نے 12 سو 25 خفیہ آپریشن کیے جبکہ 64 کلو سے زائد دھماکہ خیز مواد برآمد کیا۔

Exit mobile version