Todays News

پنجاب حکومت کا پرتشدد مظاہرین کیخلاف ایکشن شروع کرنے کا اعلان


لاہور: پنجاب حکومت نے دھرنے پر بیٹھے پرتشدد مظاہرین کے خلاف ایکشن شروع کرنے کا اعلان کردیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق پرتشدد مظاہرین کے خلاف ایکشن کا فیصلہ وزیر قانون پنجاب راجہ بشارت کی زیر صدارت منعقدہ اجلاس میں کیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ احتجاج کی وجہ سے بند راستے کھولنے کے لیے حکمت عملی طے کرلی گئی، راستے کھلوانے سے متعلق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایات نچلی سطح تک پہنچائی گئیں۔

ذرائع کے مطابق ضلعی انتظامیہ کو اپنے اپنے علاقے میں بند سڑکیں کھلوانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

وزیر قانون راجہ بشارت نے کہا کہ ذرائع آمدورفت بحال کرکے عوام کی مشکلات دور کی جائیں، سرکاری املاک کو نقصان پہنچانے، سیکیورٹی اہلکاروں پر تشدد پر مقدمات قائم کرنے کی ہدایت کردی گئی ہے۔

راجہ بشارت نے کہا کہ مظاہرین احترام رمضان کے پیش نظر پرتشدد، احتجاج فوری روک دیں، ماہ مقدس میں مظاہروں کے بجائے آزادانہ عبادت کرنے دیں۔

وزیر قانون پنجاب نے کہا کہ تشدد اور توڑ پھوڑ دین اسلام کی پر امن تعلیمات کے برعکس ہے، رمضان کے پیش نظر عوام کے لیے مشکلات کے باعث مظاہرے کو ختم کردیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز سے مذہبی جماعت کی جانب سے ملک کے مختلف شہروں میں پر تشدد مظاہرے جاری ہیں جس کے باعث ٹریفک کی روانی معطل ہوگئی اور شہریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

Exit mobile version