بالی ووڈ اداکارہ اورسابق مس ورلڈ پریانکا چوپڑا کی سوانح عمری ان فنشڈ فروخت کے لیے پیش کردی گئی، حیران کن انکشافات کے باعث اداکارہ کی کئی یادداشتیں سرخیاں بن گئیں۔
اداکارہ نے اس کتاب میں اپنی ذاتی زندگی کے حالات و واقعات اور پوشیدہ پہلووں کواپنے فالوورز کیلئے بڑی ہمت سے بیان کیا ہے، خبر رساں ادارے اے پی کے مطابق سوانح عمری بچپن سے لیکر سیلیبرٹی بننے اورشادی کے بعد امریکا منتقل ہونے تک کے واقعات کو بیان کرتی ہے۔
انڈسٹری میں اپنے ابتدائی ایام کے بارے میں لکھتے ہوئے پریانکا نےان بدترین مشوروں کے حوالے سے بھی انکشاف کیے جو کوئی فلمساز کیریئربنانے کے خواہشمندوں کو دے سکتا تھا۔
پریانکا نے لکھا ،چند منٹ کی بات چیت کے بعد ڈائریکٹر نے مجھے کھڑے ہو کرگھومنے کیلئے کہا، مجھ پرگہری نظر ڈالتے ہوئے اس نے مجھے جسم متناسب کرنے، جبڑا ٹھیک کروانے کیلئے کہا اور بتایا کہ اگرکامیابی حاصل کرنی ہے تو جسم پُرکشش بنانا ہوگا۔ میں لاس اینجلس میں ایک ایسے ڈاکٹر کو جانتا ہوں جو تمہاری مدد کرسکتا ہے ۔
پریانکا نے یہ اعتراف بھی کیا کہ وہ نوعمری میں رنگ گورا کرنے والی کریمیں بھی استعمال کرتی رہی ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ 17 سال کی عمر میں بھائی نے مجھے مقابلہ حسن میں حصہ لینے کا مشورہ دیا اور اس ایک فیصلے نے میری زندگی ہی بدل دی۔
کتاب میں پریانکا سے 11 سال چھوٹے امریکی گلوکار نک جوناس سے محبت اور شادی کی کہانی بھی بیان کی گئی ہے۔اس کے علاوہ گہری رنگت اور ایشیائی ہونے کے باعث کیرئیرکے دوران امریکا میں کام ملنے پرنسلی تعصب کے حوالے سے درپیش مشکلات کاذکربھی کیا گیا ہے۔
سال 2000میں صرف 18 سال کی عمر میں مس ورلڈ کا اعزاز جیتنے کے بعد کیرئیرکاآغاز کرنے والی پریانکا فلم پروڈیوسرہونے کے علاوہ گلوکاری بھی کرتی ہیں۔ اداکارہ کی آخری ریلیز ہونے والی فلم بھارتی فلم سال 2019 میں اسکائے از پنک تھی۔ اس کے علاوہ گزشتہ سال ان کی 2 ہالی ووڈ فلمیں ریلیز کی گئیں۔
انڈیا ٹوڈے کے مطابق ، اداکارہ کی حال ہی ریلیز کی جانے والی فلم دی وائٹ ٹائیگر کو بیحد پسند کیا گیا، فلم نے 64 ممالک میں نیٹ فلکس کی ٹاپ 10 فلموں کی فہرست میں جگہ بنائی۔
اس سے قبل اکتوبر 2020 میں کی جانے والی انسٹاپوسٹ میں پریانکا کا کہنا تھا کہ وہ ان فنشڈ لکھ چکی ہیں اور اسے پڑھنے کے خواہمشند ایڈوانس آرڈربل کرواسکتے ہیں۔