Todays News

پرویز رشید نے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کا اقدام چیلنج کر دیا


لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید نے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کا اقدام چیلنج کر دیا اور کہا الیکشن کمیشن کے اعتراض پر رقم جمع کرانے کے لیے تیار ہوں، کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے۔

تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے رہنما پرویز رشید نے کاغذات نامزدگی مسترد کیے جانے کیخلاف ہائیکورٹ کے الیکشن ٹربیونل میں اپیل دائر کردی ، درخواست میں الیکشن کمیشن اور ریٹرننگ آفیسر کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں پرویز رشید نے مؤقف اختتار کیا ہے کہ الیکشن کمیشن کے اعتراض پر رقم جمع کرانے کے لیے تیار ہوں ، ریٹرنگ آفیسر نے غیر قانونی طور پر کاغذات نامزدگی مسترد کیے، اعتراض دور کرنے لیے تگ و دو کی لیکن اعتراض دور نہیں کیے گئے۔

پرویز رشید کا کہنا ہے کہ 95 لاکھ رقم جمع کروانے کے لیے تیار مگر جمع نہیں کی گئی، پنجاب ہاؤس سے ڈیمانڈ کی گئی رقم کے چیک بھی تیار کیے گئے، رقم جمع کروانے سے متعلق بینک کی معلومات نہیں دی گئی۔

درخواست گزار نے کہا کہ ریٹرنگ آفیسر سے معلومات مانگی مگر کوئی معاونت نہیں کی گئی، حکومت جان بوجھ کر رقم وصول نہیں کر رہی ، استدعا ہے کہ آر او کا کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کا اقدام کالعدم قرار دیا جائے۔

گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی کی جانب سے پرویز رشید کے کاغذات نامزدگی پر اعتراضات کو درست قرار دیتے ہوئے ان کے کاغذات نامزدگی مسترد کردئیے تھے، لیگی رہنما کے کاغذات نامزدگی پنجاب ہاؤس کے واجبات کی عدم ادائیگی پر مسترد کئے گئے۔

Exit mobile version