Todays News

پرویز رشید سینیٹ الیکشن کیلئے نااہل قرار


لاہور ہائی کورٹ نے سینیٹ انتخابات کے ليے کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف پرویز رشید کی اپیل مسترد کر دی۔

منگل 23 فروری کو پرویز رشید کی کاغذات نامزدگی مسترد ہونے کے خلاف اپیل پر لاہور ہائی کورٹ کے جسٹس شاہد وحید پر مشتمل اپیلٹ ٹربیونل نے سماعت کی جس میں لیگی رہنما الیکشن ٹریبونل کے روبرو پیش ہوئے۔

پرویز رشید کے وکیل نے دلائل میں کہا کہ پہلے بھی پرویز رشید نے سینیٹ کا الیکشن لڑا تب تو اعتراض کسی نے نہیں کیا۔ سپریم کورٹ بھی سیاسی انتقام سے متعلق فیصلوں میں لکھ چکی ہے اور پرویز رشید کے کیس میں سیاسی انتقام کھل کر سامنے آچکا ہے۔

وکیل نے مزید کہا کہ ریکارڈ آچکا ہے اور عدالت چیک کرلے کہ پرویز رشید پنجاب ہاؤس میں نہیں رہے۔ جسٹس شاہد وحید نے ریمارکس دیے کہ پرویز رشید نے اپیل میں کہیں نہیں کہا وہ پنجاب ہاؤس میں نہیں رہے۔

میڈیا سے گفتگو میں پرویز رشید کا کہنا تھا کہ سچی بات ہے کہ میرا دل کسی پٹیشن پر نہیں کرتا کیونکہ ایسے ایسے ٹریپ رکھ دیے گیے ہیں جنہیں استعمال کرکے انصاف کے حصول کو مشکل بنا دیا جاتا ہے۔ میرا مقدمہ سیدھا تھا، جس آدمی نے پیسے لینے تھے وہ بیمار تھا۔ مجھے لگ رہا تھا کہ مجھے کہا جائے گا کہ پیسے جمع کرا دیں۔

گزشتہ روز پرویز رشید کے سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی مسترد کرنے کیخلاف اپیل پر لاہور ہائیکورٹ نے پنجاب ہاؤس کے متعلقہ افسر کو ریکارڈ سمیت طلب کرتے ہوئے الیکشن کمیشن کو آج کے لیے نوٹس جاری کیا تھا۔

لاہور الیکشن کمیشن کے دفتر میں جمعرات 18 فروری کو پرویز رشید الیکشن کمیشن کے سامنے اپنی نادہندگی کے ثبوت پیش نہیں کرسکے تھے جس کے باعث کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے۔

واضح رہے کہ اس سے قبل حکمراں جماعت تحریک انصاف کی جانب سے پرویز رشید کے کاغذات پر اعتراض داخل کرایا گیا تھا۔ پرویز رشید کی جانب سے کاغذات جنرل نشست کیلئے جمع کرائے گئے تھے، جب کہ بیان حلفی پر ٹیکنوکریٹ کی نشست کا ذکر تھا۔

Exit mobile version