Todays News

پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر، کیسز میں تیزی سے اضافہ


اسلام آباد : پاکستان میں کورونا کی تیسری لہر کے آغاز کے ساتھ ہی کیسز میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ، ایک دن میں کورونا کے 2 ہزار253 نئے کیسز سامنے آئے جبکہ وائرس سے متاثرہ 29 افراد انتقال کرگئے۔

تفصیلات کے مطابق نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کی جانب سے ملک میں کورونا کی صورتحال کے حوالے سے تازہ اعدادو شمار جاری کردیئے گئے ہیں۔

جس میں بتایا گیا ہے کہ ملک میں 24 گھنٹےمیں کورونا کے مزید 29مریض انتقال کرگئے ، جس کے بعد کورونا سے انتقال کرنے والوں کی تعداد13ہزار537 ہوگئی۔

نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹر کے مطابق ایک دن میں 44 ہزار 61 ٹیسٹ کئے گئے، جس میں سے کورونا کے 2 ہزار 253 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جبکہ ٹیسٹ مثبت آنےکی شرح پانچ اعشاریہ ایک فیصد رہی۔

این سی او سی کا کہنا تھا کہ ملک میں کورونا کے زیرعلاج مریضوں کی تعداد 22 ہزار 38 اور 245 مریض وینٹیلیٹر پر ہیں جبکہ ملک میں کورونا کے تصدیق شدہ کیسزکی تعدادچھ لاکھ سات ہزار چارسوتریپن ہوچکی ہے۔

اعدادو شمار کے مطابق سندھ میں 2 لاکھ 61 ہزار 411 ، پنجاب ایک لاکھ 86 ہزار چھ سوانسٹھ، خیبر پختونخوا 76 ہزار 104 ، بلوچستان 19 ہزار 220 ، اسلام آباد 48 ہزار 81 ، گلگت بلتستان 4 ہزار 951 اور آزاد کشمیرمیں 11 ہزار17 کورونا متاثرین سامنے آچکے ہیں۔

خیال رہے پارلیمانی سیکریٹری صحت ڈاکٹر نوشین حامد نے کہا ہے کہ چند ہفتوں میں کوروناوباکی شرح ڈبل ہوئی ہے، عوام کو احتیاط کرنا ہوگی، ماسک کا استعمال کرناہوگا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ برطانوی کورونا وائرس کی قسم بڑے شہروں میں پھیل چکی ہے، برطانوی قسم کاوائرس تیزی سے پھیلتا ہے، زیادہ خطر ناک نہیں، تمام اسپتالوں میں انتظامات مکمل ہیں۔

Exit mobile version