اسلام آباد: چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے وفاقی دارالحکومت میں ٹورسٹ سفاری ٹرین کا افتتاح کر دیا۔
تفصیلات کے مطابق آسلام آباد میں ٹورسٹ سفاری ٹرین کے افتتاح کے موقع پر وزیرریلوے اعظم خان سواتی بھی چیئرمین سینیٹ کے ہمراہ موجود رہے، ٹرین کی افتتاحی تقریب گولڑہ ریلوے اسٹیشن پر ہوئی۔
ٹورسٹ ٹرین ہر اتوار کو گولڑہ سے اٹک خوردریلوے اسٹیشن تک چلا کرے گی۔ سفاری ٹرین سیاحوں کو حسن ابدال اور اٹک تک کے سیاحتی مقامات کی سیر کرائے گی۔ افتتاح کے موقع پر چیئرمین سینیٹ کا کہنا تھا کہ ریلوے کی ترقی پاکستان کی ترقی ہے، ایوان بالا پاکستان ریلویز کی ترقی کے لیے بھرپور تعاون کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ریلوے معیشت کیلئے ریڑھ کی ہڈی ہے، ریلوے کی ترقی وقت کی اہم ضرورت ہے، حکومت ملک کے دوردراز علاقوں تک میں ریل کو لے جائے گی۔
وزیرریلوے کا کہنا تھا کہ حکومت ریلوے سے پچاس سال کی گندگی نکال رہی ہے، ریلوے میں موجود کالی بھیڑوں کو نشان عبرت بناؤں گا، ریلوے کی وجہ سے سیاحت ترقی کرتی ہے، ریلوے ملازمین کی تنخواہیں ڈبل کروں گا، اولین ایجنڈا ریلوے سے کرپشن کا خاتمہ ہے، میڈیا ریلوے کی کالی بھیڑوں کی نشاندہی کرے۔
انہوں نے مزید کہا کہ کرپشن کرنے والوں کو نشان عبرت بنائیں گے، دنیا ریلوے کے ذریعے معیشت چلا رہی ہے ہم ٹرانسپورٹ پر لگے ہیں، ریلوے کو پاکستان کی امانت کے طور پر آگے برھانا ہے۔