Todays News

وزیراعظم کا اعتماد کا ووٹ، اسپیکر اسد قیصر نے بلاول بھٹو کو چیلنج کردیا


اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کے اعتماد کے ووٹ پر اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹو کو چیلنج کردیا۔

اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ بلاول بھٹو کو کہتا ہوں کہ وہ آئیں جیسے چاہے تسلی کرلیں، پوری دنیا اور میڈیا دیکھ رہی تھی ایک ایم این اے بتادیں جو کم تھا، وہ کسی ایک ایم این اے کا بتائیں جو غیر حاضر تھا۔

اسد قیصر نے کہا کہ میں کبھی ایسا کام نہیں کرتا جس سے تاریخ خراب ہو، کسی بھی صورت آئین و قانون کے خلاف کام نہیں کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے تین سال سینیٹ کو مثالی طور پر چلایا، انہوں نے اپوزیشن کو برابر کا موقع دیا، سنجرانی کے اپوزیشن و حکومتی سینیٹرز سے اچھے تعلقات ہیں۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے کہا کہ امید ہے سب کی چوائس صادق سنجرانی ہی ہوں گے۔

واضح رہے کہ پی ڈی ایم سربراہی اجلاس میں آج پیپلز پارٹی کی جانب سے یوسف رضا گیلانی کو سینیٹ چیئرمین کے عہدے کے لیے نامزد کیا گیا، پی ڈی ایم نے چیئرمین سینیٹ کے لیے ان کی منظوری دے دی۔

ذرائع کے مطابق پاکستان مسلم لیگ ن کی جانب سے یوسف رضاگیلانی کی حمایت کا اعلان کیا گیا ہے، عوامی نیشنل پارٹی نے بھی چیئرمین سینیٹ کے لیے یوسف رضا گیلانی کی حمایت کا اعلان کر دیا، یوسف گیلانی چیئرمین سینیٹ الیکشن میں پی ڈی ایم کے مشترکہ امیدوار ہوں گے۔

Exit mobile version