اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، جس میں پبلک سیکٹرآرگنائزیشن میں سربراہوں کی خالی آسامیوں پربریفنگ دی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس آج ہوگا، جس میں ملکی و سیاسی صورتحال سمیت 16 نکاتی ایجنڈے پر غور کیا جائے گا۔
اجلاس میں پبلک سیکٹرآرگنائزیشن میں سربراہوں کی خالی آسامیوں پربریفنگ دی جائےگی جبکہ نوشہرہ میں ریلوے زمین پرکثیرالمنزلہ عمارت کی تعمیر کیلئے رپورٹ پیش ہوگی۔
نیشنل بک فاؤنڈیشن کے منیجنگ ڈائریکٹرکی تعیناتی ، چیئرمین کراچی پورٹ ٹرسٹ کے اضافی عہدے کی منظوری اور نیشنل کونسل برائے ہومیوپیتھی کے صدر، نائب صدر کی منظوری ایجنڈے میں شامل ہیں۔
اجلاس میں کابینہ کو ایف9 پارک، پاک چائنہ فرینڈ شپ سینٹر، فاٹاہاؤس کے استعمال اور موجودہ حکومت میں گیس ڈیولپمنٹ اسکیم کے طریقہ کار پربریفنگ دی جائے گی۔
سندھ انفرا اسٹرکچرڈیولپمنٹ کمپنی سی ای او کے اضافی چارج کی منظوری ، سوشل ویلفیئرفنڈ کے استعمال سے متعلق گائیڈ لائنز پر بریفنگ اور افغان مہاجرین کی رجسٹریشن کی تجدید کا معاملہ بھی کابینہ ایجنڈے کا حصہ ہیں۔
وفاقی کابینہ رولزآف بزنس 1973 میں ترمیم کی منظوری سمیت اقتصادی کونسل، کابینہ کمیٹی ادارہ جاتی ریفارمزکےفیصلوں کی توثیق بھی کرے گی۔