وادی سندھ کے لوگوں کے کھائے جانے والے لڈو دریافت

0


وادی سندھ کی تہذیب جسے دنیا کی اہم اور منظم ترین تہذیبوں میں سے ایک مانا جاتا ہے، اپنی جدید خصوصیات کے لیے مشہور ہے، اور اب اس کے بارے میں ایک اور حیرت انگیز انکشاف ہوا ہے۔

وادی سندھ کی تہذیب جسے ہڑپہ کی تہذیب بھی کہا جاتا ہے، جنوبی ایشیا کی پہلی شہری تہذیب ہے جو 4 ہزار سال قدیم ہے۔ یہ تہذیب اپنی تعمیرات اور طرز زندگی کے لحاظ سے جدید اور منظم ترین تہذیب مانی جاتی ہے۔

اس تہذیب کے شہر موجودہ پاکستان، افغانستان کے مشرقی حصے اور بھارت کے مغربی حصے میں ہوا کرتے تھے۔

حال ہی میں ایک تحقیق سے علم ہوا کہ اس تہذیب کے لوگ اپنی غذا کے بارے میں بھی نہایت فکر مندا ہوا کرتے تھے اور متوازن غذائیں کھاتے تھے۔

بھارتی ریاست راجھستان میں ہڑپہ کے آثار قدیمہ میں ہونے والی کھدائی کے دوران 7 عدد گیندیں دریافت ہوئیں، بعد ازاں نئی دہلی اور لکھنؤ کے آثار قدیمہ کے اداروں نے ان گیندوں کا تجزیہ کیا تو علم ہوا کہ یہ لڈو تھے۔

ن اداروں کی تحقیق کے نتائج جرنل آف آرکیالوجی سائنس میں شائع ہوئے جس میں کہا گیا کہ یہ لڈو 2600 قبل مسیح کے ہیں۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ ان لڈوؤں میں جو، گندم اور دالیں شامل ہیں جس سے اندازہ ہوتا ہے کہ اس تہذیب کے افراد پروٹین سے بھرپور غذائیں کھانے کے عادی تھے۔

ماہرین آثار قدیمہ کے مطابق ان لڈوؤں کو بہت احتیاط سے محفوظ کیا گیا تھا جس کے باعث یہ ملبہ گرنے کے بعد بھی کچلے جانے سے محفوظ رہے، مٹی میں دفن ہوجانے کے سبب ان میں موجود غذائی اشیا کے اجزا بھی برقرار اور محفوظ رہے۔

اس کھدائی کے دوران ان لڈوؤں کے ساتھ بیلوں کی 2 مورتیاں اور کلہاڑی سے ملتا جلتا کانسی کا ایک آلہ بھی دریافت ہوا ہے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here