کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں سال نو کے موقع پر سخت سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں، سی ویو جانے والے راستے پر اہلکار تعینات ہوں گے جبکہ بغیر سائلنسر والی کسی موٹر سائیکل کو نہیں چھوڑا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سال نو کے موقع پر ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں سخت سیکیورٹی اقدامات کیے گئے ہیں، ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نذیر کا کہنا ہے کہ مجموعی طور پر 2 ہزار 250 اہلکار تعینات کیے جائیں گے، مختلف راستوں پر 1 ہزار 557 افسران و اہلکار ڈیوٹی انجام دیں گے۔
ایس ایس پی کا کہنا ہے کہ ہوائی فائرنگ کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، اقدام قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت مقدمہ درج کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ ڈسٹرکٹ ساؤتھ میں 6 پولیس لائنز ہیں، کوئی پولیس اہلکار یا اس کا رشتہ دار فائرنگ نہ کرے، پولیس لائنز سے باقاعدہ سرٹیفکٹ لیے گئے ہیں، مختلف راستوں پر ناکے لگائے جائیں گے۔
ایس ایس پی کے مطابق حساس مقامات کی چھتوں پر پولیس اہلکار تعینات ہوں گے، سی ویو پر ایس ایس یو کے اہلکار بھی تعینات ہوں گے۔ تمام حساس مقامات پر نفری تعینات کی جائے گی۔ بغیر سائلنسر والی کسی موٹر سائیکل کو نہیں چھوڑا جائے گا۔
انہوں نے مزید کہا کہ پولیس سیکیورٹی کو مجموعی طور پر 9 سیکٹرز پر بنایا گیا ہے، ایف ٹی سی سے دو دریا، 3 تلوار سے اختر کالونی کالا پل تک 11 افسران موجود ہوں گے۔