Todays News

نیب کا شوگر اسیکنڈل کیس سے منسلک تمام شخصیات کو طلب کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد: نیب راولپنڈی نے شوگر اسیکنڈل سے منسلک تمام شخصیات کی طلبی کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان شوگر ملزایسوسی ایشن کے چیئرمین سکندر محمد خان کو طلبی کا نوٹس جاری کردیا۔

‌تفصیلات کے مطابق شوگر اسیکنڈل کیس میں اہم پیشرفت سامنے آئی ، نیب راولپنڈی کو تمام متعلقہ اداروں سےریکارڈ موصول ہوگیا ہے۔

نیب نے شوگر اسیکنڈل سے منسلک تمام شخصیات کی طلبی کا فیصلہ کرتے ہوئے پاکستان شوگر ملزایسوسی ایشن کے چیئرمین سکندر محمدخان کوطلبی کا نوٹس جاری کردیا۔

نیب ذرائع کا کہنا ہے کہ چیئرمین پسما کو25مارچ کونیب اسلام آبادمیں طلب کیا گیا ہے اور ریکارڈ ساتھ میں لانے کی ہدایت کی گئی ہے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پسما سے 2017 سے 2019 کے درمیان دی جانیوالی شوگرسبسڈی ، 3سالوں میں شوگر کی پیداوار اورپیداواری لاگت کی تفصیل طلب کی گئی ہے۔

ذرائع نیب نے کہا شوگر مالکان کوان ہاؤس میٹنگ کامتعلقہ ریکارڈبھی مانگا ہے اور 3 سالوں میں سبسڈی کیلئے حکومت کو دی جانیوالی تجاویز کی رپورٹ بھی طلب کی گئی ہے۔

یاد رہے وزیراعظم عمران خان کے حکم پر ایف بی آر نے شوگر ملز کے خلاف تحقیقات کیں اور 400ارب سےزائد ٹیکس وصولی کی تفصیلات پر مبنی رپورٹ وزیراعظم کو پیش کی تھی۔

رپورٹ میں بتایا گیا تھا کہ چھوٹی کمپنیوں کے خلاف کاروائی مکمل کرلی گئی ہے تاہم ، ایف بی آربڑی مچھلیوں سےکچھ نہ نکلواسکا اور حکومتی شخصیات کی شوگر ملوں کے خلاف ٹیکس وصولی کی کوئی رپورٹ نہیں دی گئی۔

جس پر وزیراعظم عمران خان نے شوگر ملز تحقیقات میں حکومتی شخصیات کی کمپنیوں کیخلاف کارروائی نہ کیے جانے پر ایف بی آر پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے بلاامتیاز کارروائیوں پر مبنی رپورٹ پیش کا حکم دیا تھا۔

Exit mobile version