نویں سے 12 ویں تک کلاسز کی تدریس اور امتحانات کے حوالے سے فیصلہ ہو گیا
Abdul Rehman
اسلام آباد: وزارت تعلیم نے نویں سے 12 ویں جماعت کے بورڈ امتحانات کی تیاری کے لیے تدریسی عمل شروع کرنے اور امتحانات کے حوالے سے فیصلہ کر لیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیر تعلیم شفقت محمود نے تمام صوبوں کے صحت اور تعلیم کے وزرا کے خصوصی اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا نویں سے 12 ویں جماعت تک متاثر اضلاع میں تدریس شروع کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شفقت محمود نے بتایا کہ اجلاس میں نویں سے بارہویں جماعت تک بورڈ امتحانات کی تیاری کے لیے تدریسی عمل شروع کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے، نویں سے 12 ویں جماعت کے امتحانات بورڈ کی نئی تاریخوں کے مطابق ہوں گے، اور امتحانات مئی کے آخری ہفتے سے پہلے شروع نہیں ہوں گے۔
انھوں نے کہا جامعات میں داخلے امتحانات کے نئے شیڈول کو مد نظر رکھتے ہوئے کیے جائیں گے، اے، اے ایس اور او لیول اور آئی جی سی ایس ای امتحانات اعلان کردہ تاریخوں کے تحت ہوں گے، اور ان امتحانات میں تاخیر یا منسوخی نہیں ہوگی۔
شفقت محمود نے بتایا کہ اکتوبر میں امتحانات دینے کے خواہش مند طلبہ اسی فیس میں امتحانات دے سکیں گے۔ انھوں نے کہا کہ متاثرہ اضلاع میں جامعات آن لائن تدریس ہی جاری رکھیں گی، کیسز کی شرح 8 فی صد سے کم ہونے پر جامعات حسب معمول تدریس جاری رکھیں گی۔
وزیر تعلیم کا کہنا تھا کیمبرج نے یقین دہانی کرائی ہے کہ ایس او پیز کی سختی سے پابندی کی جائے گی، کیمبرج کے مطابق امتحان نہ دینے والے آئندہ اکتوبر نومبر سائیکل میں ہی امتحان دے سکیں گے۔