Todays News

نئے سال کے اہداف: وبا کے دور میں صحت کو پہلی ترجیح بنائیں


سال نو کا پہلا دن خود سے بہت سے وعدے کرنے اور نئے اہداف طے کرنے کا نام ہوتا ہے، چونکہ گزشتہ 2 سال سے دنیا صحت کے حوالے سے ایک شدید دھچکے سے گزر رہی ہے تو اب وقت ہے کہ اپنی صحت کو اپنی پہلی ترجیح بنائی جائے۔

اپنی صحت کے لیے اہداف طے کرنا صرف نئے سال میں وزن کم کرنے کے ہدف کا نام نہیں، بلکہ یہ اس لیے ضروری ہے تاکہ وبا کے اس دور میں آپ خود کو محفوظ رکھ سکیں، اور یہی اس وقت کی سب سے بڑی ضرورت ہے۔

تو آئیں پھر آج ہم آپ کو بتاتے ہیں کہ اس سال آپ نے خود کو کیسے صحت مند رکھنا ہے، آخر صحت مند رہنا ہی آج کے دور میں سب سے بڑی کامیابی ہے۔

صحت مند غذائیں سب سے ضروری

سب سے پہلے تو اس بات کا خیال رکھیں کہ آپ جو بھی کھائیں وہ صحت مند اور غذائیت بخش ہو۔ یہ اس لیے بھی ضروری ہے تاکہ آپ کی قوت مدافعت میں اضافہ ہو اور آپ بیماریوں کا آسان شکار نہ بنیں۔

صحت مند رہنے کے لیے کھانے کی مقدار کم یا زیادہ کرنے کے بجائے ڈائٹ میں تبدیلی کریں، پھلوں اور خصوصاً سبزیوں کا استعمال بڑھا دیں۔

روزمرہ کی غذا میں سبزیاں، پھل، دودھ، انڈے، دالیں اور مچھلی شامل کریں، اس سے آپ کے جسم کو درکار توانائی اور غذائی اجزا کی ضرورت پوری ہوگی۔

کچن میں کیا رکھنا ہے؟

اس سال اپنے کچن میں نئے برتن لانے کے بجائے اسے دالوں، گندم، سبزیوں، پھلوں، جڑی بوٹیوں اور صحت بخش تیلوں سے بھر لیں۔ یقیناً اگلے سال میں آپ کی غذائی عادات بھی بہتر ہوجائیں گی۔

گھر کے کھانے کو ترجیح دیں

کیا آپ جانتے ہیں مستقل بنیادوں پر باہر کا کھانا کھانا نہ صرف آپ کو کینسر سمیت بے شمار بیماریوں میں مبتلا کرسکتا ہے بلکہ یہ ہماری قوت مدافعت کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔

باہر کے بنے کھانوں میں مرچ مصالحوں اور مضر صحت تیل کی بہتات ہوتی ہے۔ اس کے برعکس گھر کا بنا ہوا صاف ستھرا کھانا آپ کو امراض قلب، بلڈ پریشر اور ذیابیطس سے تحفظ فراہم کرے گا اور آپ کی قوت مدافعت میں بھی اضافہ ہوگا۔

چنانچہ اگلے سال کے اہداف میں باہر کے کھانے سے پرہیز اور گھر کے کھانے کی ترجیح بھی شامل کرلیں۔

ایک دن گوشت کے بغیر

ہفتے کا ایک دن گوشت کے بغیر ضرور گزاریں، گو کہ گوشت جسم کو وٹامنز، پروٹین اور آئرن تو فراہم کرتا ہے تاہم اس کا استعمال اعتدال میں کرنا چاہیئے اور ایک دن گوشت سے پرہیز اس کا نہایت بہترین طریقہ ہے۔

گوشت کی جگہ سبزیوں کی مزیدار ڈش، انڈے، دال اور پھل دن کا بہترین کھانا ثابت ہوگا۔

پانی کو مت بھولیں

ہر موسم میں پانی کا زیادہ استعمال نہ چھوڑیں۔ پانی نظام ہاضمہ کو فعال رکھتا ہے اور کھانا جلد ہضم کرنے میں مدد دیتا ہے، یہ وزن میں زیادتی یا کمی کرنے کے لیے ضروری ہے۔

پھل اور سبزیاں بہترین دوست

کیا آپ جانتے ہیں پھل اور سبزیاں ہمیں بے شمار فوائد پہنچاتی ہیں؟ یہ نہ صرف خون کے بہاؤ کو معمول پر رکھ کر امراض قلب اور بلڈ پریشر سے بچاتی ہیں بلکہ موڈ اور نفسیات پر بھی مثبت اثرات مرتب کرتی ہیں۔

پھل اور سبزیاں کھانا ڈپریشن اور ذہنی تناؤ سے بھی بچاتا ہے جبکہ جسم میں خوشی پیدا کرنے والے ہارمونز میں بھی اضافہ ہوتا ہے۔

حرکت میں آئیں

اس سال بھاری بھرکم ورزش کے منصوبے بنانے کے بجائے صرف اتنا کریں کہ دن میں کچھ وقت چہل قدمی کرلیں یا صرف سیڑھیاں چڑھ لیں۔ گو کہ جسم کو زیادہ سے زیادہ فعال رکھنا جسمانی و ذہنی صحت کے لیے نہایت ضروری ہے، لیکن اگر آپ یہ نہیں بھی کرسکتے تب بھی معمولی حرکت ضرور کریں۔

کوشش کر کے بیٹھنے اور لیٹنے کا وقت مختصر کرتے جائیں اور خود کو حرکت میں لائیں، آہستہ آہستہ آپ خود میں واضح فرق محسوس کریں گے۔

یاد رکھیں، جان ہے تو جہاں ہے، اگر آپ صحت مند اور تندرست ہوں گے تو ہی زندگی کی دیگر رنگینیوں سے لطف اندوز ہوسکیں گے۔

Exit mobile version