میرپور آزاد کشمیر : 3 بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق
Abdul Rehman
میرپور : آزاد کشمیر میں لاک ڈاؤن کے بعد تعلیمی ادارے کھلتے ہی 3 بچوں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوگئی، کوروناوائرس کے شکار بچوں کی عمریں 10 سے 13 سال کے درمیان ہیں۔
تفصیلات کے مطابق میرپور آزاد کشمیر میں 2 ہفتے لاک ڈاؤن کے بعد تعلیمی ادارے اور پبلک ٹرانسپورٹ کھل گئے، تعلیمی اداروں میں کوروناایس اوپیزپرعمل کیاجارہا ہے جبکہ شادی ہال، سیاسی ومذہبی اجتماع پر مزید 15دن کیلئے پابندی برقرار رہے گی۔
دوسری جانب میرپورآزاد کشمیر میں3بچوں میں کوروناوائرس کی تصدیق ہوگئی ہے ،ڈی ایچ او کیو اسپتال کا کہنا ہے کہ کوروناوائرس کے شکار بچوں کی عمریں 10 سے 13سال کے درمیان ہیں۔
ڈی ایچ او کیو اسپتال نے میرپور میں 27 اور بھمبر میں 18 افراد میں کوروناوائرس کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ کوروناسے100سے زائد افرادجاں بحق ہوچکےہیں جبکہ 200سے زائد افرادکو گھروں میں قرنطینہ کیاگیاہے۔
یاد رہے یکم مارچ کو کرونا وائرس کے کیسز میں اضافے کے پیش نظر ڈپٹی کمشنر نے ضلع بھر میں لاک ڈاؤن نافذ کیا تھا،
ڈپٹی کمشنر بدر منیر کا کہنا تھا کہ لاک ڈاؤن کے دوران میرپور آزاد کشمیر کے تمام تعلیمی ادارے اور پبلک ٹرانسپورٹ بند رہےگی، شادی ہالز بھی ایک ماہ کے لیے بند رکھنے کا حکم جاری کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق میرپور آزاد کشمیر میں تمام پبلک پارکس اور کھیلوں کی سرگرمیوں پر بھی پابندی عائد کی گئی ہے۔
واضح رہے کہ کرونا کے ٹیسٹ مثبت نکلنے کی شرح میں غیر معمولی اضافہ دیکھنے میں آیا، جس پر کمشنر نے دو ہفتے قبل انتظامیہ کو ایس او پیز پر سختی سے عمل. کرانے کی ہدایت جاری کی تھی، کمشنر نے ہدایت کی تھی کہ بیرون ملک سے آئے افراد کا گھروں میں قرنطینہ یقینی بنایا جائے، کاروباری مراکز رات 10 بجے بند کرنے کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا تھا۔