اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ہم ملک کو لوٹنے والوں کے ساتھ سمجھوتہ کرکے نہیں چل سکتے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت کور کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعلیٰ پنجاب اور خیبرپختونخوا، وفاقی وزرا اور پارٹی رہنما شریک ہوئے، اجلاس میں سیاسی و معاشی صورت حال اور چیئرمین سینیٹ انتخاب سے متعلق حکمت عملی پر غور کیا گیا۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم نے حکومتی رہنماؤں کو متحرک رہنے کی ہدایت کی، اپوزیشن کے لانگ مارچ کے پیش نظر حکومتی حکمت عملی پر بھی مشاورت کی گئی۔
وزیراعظم نے کہا کہ پی ڈی ایم لانگ مارچ کا مقصد عوامی مفاد نہیں این آر او کا حصول ہے، نہ پہلے دباؤ قبول کیا اور نہ آئندہ کسی دباؤ میں آؤں گا۔
عمران خان نے کہا کہ اپوزیشن احتجاج کی سیاست کے ذریعے ملک میں افرا تفری پیدا کرنا چاہتی ہے، اڑھائی سال میں بہت محنت کی اور مشکل سے معیشت کو سنبھالا ہے۔
وزیراعظم نے کہا کہ میں میدان چھوڑ کر بھاگنے والوں میں سے نہیں ہوں، یاد رکھیں ہم اقتدار کے لیے نہیں نظام کی تبدیلی کے لیے آئے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ ہم ملک کو لوٹنے والوں کے ساتھ سمجھوتہ کرکے نہیں چل سکتے، ہمیں عوامی حمایت حاصل ہے کسی بھی میدان میں پیچھے نہیں ہٹیں گے۔