اسلام آباد:وزیراعظم کی زیرصدارت آج رہنماؤں اور ترجمانوں کا ہونے والے اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے، اجلاس میں خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں شکست پر تبادلہ خیال کرنا تھا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے پارٹی ترجمانوں کا اجلاس طلب کیا تھا، اجلاس آج شام وزیراعظم ہاؤس میں ہونا تھا، جس میں ملکی سیاسی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیا جانے تھا تاہم وزیراعظم کی دیگر مصروفیات کے باعث اب اجلاس ملتوی کردیا گیا ہے۔
وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت ہونے والے اس اجلاس میں خصوصی طور پر خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں شکست پر گفتگو ہونا تھی اور اجلاس کے بعد پارٹی ترجمانوں کو اہم ٹاسک دئیے جانے کا امکان تھا۔
واضح رہے کہ کے پی بلدیاتی الیکشن کے پہلے مرحلے میں غیر متوقع شکست پر پی ٹی آئی ارکان شش وپنج میں مبتلا ہیں اور انہوں نے شکست کی وجوہات جاننے کے لئے وزیراعظم سے بڑا مطالبہ کیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ کئی پارٹی رہنماؤں نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو آزادانہ انکوائری کی سفارش کی ہے، انکوائری ٹیم کا فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے، انکوائری رپورٹ کی روشنی میں دوسرے مرحلےکےانتخابات میں فیصلے ہوں گے۔
گذشتہ روز وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے بھی خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں پارٹی کی غیر متوقع شکست پر ردعمل دیتے ہوئے کہا تھا کہ پی ٹی آئی قیادت اور کارکنان ذاتی اختلافات پس پشت ڈالیں اور عمران خان کی قیادت میں خود کومنظم کریں۔
سوشل میڈیا پلیٹ فارم ٹوئٹر پر اپنے معنی خیز پیغام میں فواد چوہدری نے کہا کہ اس وقت اگر پی ٹی آئی کمزور ہوئی تو ملک بھیڑیوں کےہاتھ لگ جائیگا، جے یو آئی جیسی شدت پسند جماعتیں پی ٹی آئی کا متبادل نہیں ہوسکتی۔