اسلام آباد: عوام کی فلاح وبہبود کی جانب ایک اور قدم، وزیراعظم آج مزید شہروں میں “کوئی بھوکا نہ سوئے” پروگرام کا افتتاح کرینگے۔
سینیٹر فیصل جاوید کی جانب سے جاری بیان کے مطابق وزیراعظم عمران خان آج ایک ساتھ تین شہروں میں پروگرام کوئی بھوکانہ سوئے لانچ کرینگے، پروگرام لاہور،پشاور اور فیصل آباد میں آج شروع ہوجائےگا۔
وزیراعظم عمران خان اسلام آباد سے اس پروگرام میں شرکت کریں گے، سینیٹر ثانیہ نشتر، سینیٹر فیصل جاوید بھی وزیراعظم کے ہمراہ ہونگے، ایم این اے فرخ حبیب فیصل آباد سے پروگرام میں شریک ہوں گے جبکہ دونوں صوبوں کے وزرائے اعلیٰ ویڈیوکانفرنس کےذریعےخطاب کرینگے۔
سینیٹر فیصل جاوید کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ احساس کوئی بھوکا نہ سوئےکا دائرہ کارپورے ملک تک پھیلایا جارہا ہے، رمضان میں سحری وافطاری مستحقین تک پہنچائی جائےگی۔
فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ مخیرحضرات کےلئےاحساس پورٹل کا اجرا بھی آج کیاجائےگا، یہ اقدام وزیراعظم کا اسلامی فلاحی ریاست کی جانب بہت بڑا اقدام ہے۔
واضح رہے کہ گذشتہ ماہ وزیراعظم عمران خان نے اسلام آباد میں ‘کوئی بھوکا نہ سوئے ‘ پروگرام کا افتتاح کیا تھا،اس موقع پر تقریب سے خطاب میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام میں محنت کشوں کو بہتر کھانا فراہم کیا جائے گا،پناہ گاہیں اور کوئی بھوکا نہ سوئے پروگرام فلاحی ریاست کا آغاز ہے۔
وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ پناہ گاہیں مستحق اور محنت کشوں کی سہولت کے لیے ہیں، حکومت کی کوشش ہےکہ غریب، مزدوروں اور محنت کشوں کو عزت دے۔