لاہور : قومی احتساب بیورو ( نیب) نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو 26 مارچ کو طلب کرلیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق قومی احتساب بیورو ( نیب) لاہور نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کو دوبارہ طلب کرلیا ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ مریم نواز کو26 مارچ بروز جمعہ نیب لاہورمیں پیش ہونے کی ہدایت کی گئی ہیں، مریم نواز کے حوالے سے نیب لاہور کو نئے شواہد موصول ہوئے ہیں۔
نیب ذرائع کے مطابق مریم نواز پرمنی لانڈرنگ میں مبینہ طور پر ملوث ہونے کے الزامات ہیں، نئے شواہد کی روشنی میں مریم نواز سے تحقیقات ہوں گی۔
اس سے قبل مریم نواز 11اگست2020 کو نیب لاہورمیں پیش ہوئی تھیں، اس موقع پر نیب دفتر کے باہر لیگی کارکنان کی جانب سے پولیس پر پتھراؤ کیا گیا یگی پتھراؤ کے باعث نیب دفتر پرکھڑیوں کے شیشےٹوٹ گئے جبکہ لیگی کارکنان نے نیب دفتر کے باہر بیریئر بھی توڑنےکی کوشش کی تھی۔
یاد رہے نیب نے چوہدری شوگر ملز کیس میں مریم کی ضمانت منسوخی کیخلاف درخواست دائر کر رکھی ہے ، جس پر عدالت نے مریم نوازسے سات اپریل تک جواب طلب کیا ہے۔
خیال رہے مریم نواز پر الزام ہےکہ وہ 93-1992 کے دوران کچھ غیر ملکیوں کی مدد سے منی لانڈرنگ میں ملوث رہی اور اس وقت نواز شریف وزیراعظم تھے، اس کیس میں اکتوبر 2018 میں نیب کی تفتیش کے دوران یہ بات سامنے آئی تھی کہ نواز شریف، مریم نواز، شہباز شریف اور ان کے بھائی عباس شریف کے اہلِ خانہ، ان کے علاوہ امریکا اور برطانیہ سے تعلق رکھنے والے کچھ غیر ملکی اس کمپنی میں شراکت دار ہیں۔
چوہدری شوگر ملز میں سال 2001 سے 2017 کے درمیان غیر ملکیوں کے نام پر اربوں روپے کی بھاری سرمایہ کاری کی گئی اور انہیں لاکھوں روپے کے حصص دیے گئے۔ اس کے بعد وہی حصص متعدد مرتبہ مریم نواز، حسین نواز اور نواز شریف کو بغیر کسی ادائیگی کے واپس کیے گئے۔
اس کیس میں یوسف عباس اور مریم نواز نے تحقیقات میں شمولیت اختیار کی تھی لیکن سرمایہ کاری کرنے والے غیر ملکیوں کو پہچاننے اور رقم کے ذرائع بتانے سے قاصر رہے ، 8 اگست 2019 کو مریم نواز کو کوٹ لکھپت جیل میں اپنے والد نواز شریف سے ملاقات کے بعد واپسی پر جیل کے باہر سے گرفتار کیا گیا تھا۔