لاہور پولیس کی کارروائی ، اوورسیز پاکستانی خاتون کو کروڑوں روپے مالیت کا گھر مل گیا
Abdul Rehman
لاہور : اوورسیز پاکستانی خاتون کو کروڑوں روپے مالیت کا گھر مل گیا، قبضہ ملنے پر اووسیز پاکستانی خاتون نے وزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب سے اظہار تشکر کیا۔
تفصیلات کے مطابق لاہور پولیس نےاوورسیزپاکستانی خاتون کا کروڑوں روپے مالیت کا گھر واگزار کرا دیا ، سبزہ زار میں واقع گھر پر علی عباس اور اویس نامی ملزمان نےقبضہ کررکھا تھا۔
ملزمان گھر کی رقم وصول کرنے کے باوجود قبضہ نہیں دے رہے تھے ، جس پر اوورسیزخاتون نے سی سی پی او آفس میں قبضہ چھڑانے کی درخواست دی
اور سی سی پی او نےقانونی کارروائی کرکےکروڑوں مالیت کاگھرواگزارکرا دیا۔
سی سی پی او غلام محمود ڈوگر کا کہنا ہے کہ قبضہ مافیا کسی صورت برداشت نہیں جبکہ قبضہ ملنے پر اووسیز پاکستانی خاتون کاوزیراعظم اور وزیراعلیٰ پنجاب سے اظہار تشکر کیا۔
یاد رہے رواں ماہ کے آغاز میں وزیراعظم عمران خان نے آئی جی پنجاب، چیف سیکریٹری کو صوبے بھر میں قبضہ مافیا کے خلاف جامع آپریشن کا حکم دیتے ہوئے کہا تھا کہ قبضہ مافیا معاشرے کا ناسور بن چکا ہے، قبضہ مافیا کے خلاف کارروائیوں کی رپورٹ ہر ہفتے پیش کریں۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانیوں کی زمینوں پر قبضہ فوری ختم کروائیں، ساری زندگی کی جمع پونجی پاکستان لانے والوں کی داد رسی کی جائے۔