Todays News

’’قوم کو قابل فخر بنا دیا‘‘بابر اعظم کا ارشد ندیم کو خراج تحسین


لاہور : قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کیلئے سونے کا تمغہ جیتنے والے قابل فخرایتھلیٹ ارشد ندیم کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پوری قوم کی طرح پاکستانی کرکٹرز بھی کامن ویلتھ گیمز میں کافی دلچسپی کا اظہار کر رہے ہیں، پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے ارشد ندیم کو گولڈ میڈل جیتنے پر مبارکباد دی ہے۔

سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں بابر اعظم نے پاکستان کے نامور ایتھلیٹ کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا جسم ٹوٹا ہوا تھا لیکن ہمت ہمالیہ سے بھی بلند تھی، ارشد ندیم نے قوم کو قابل فخر بنادیا۔

قومی کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم نے نیزہ بازی کے مقابلے کا نتیجہ آنے کے کچھ ہی دیر بعد اپنے پیغام میں کہا کہ ارشد ندیم کو پاکستان کے لئے میڈل لانے پر سیلوٹ پیش کرتا ہوں۔

واضح رہے کہ کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے ارشد ندیم نے جویلین تھرو میں گولڈ میڈل جیت لیا ہے۔ فائنل کے پانچویں راؤنڈ میں ارشد ندیم نے 90.18 میٹر تھرو کرکے کامن ویلتھ گیمز میں پاکستان کے لیے گولڈ میڈل حاصل کیا۔

یہ تھرو نہ صرف کامن ویلتھ گیمز کا نیا ریکارڈ ہے بلکہ ارشد کے کیریئر کی بھی بہترین تھرو ہے۔ ارشد ندیم نے پہلے راؤنڈ میں 86.81 میٹر کی تھرو کی تھی۔

Exit mobile version