قبضہ مافیا کے خلاف فیصلہ کن کارروائی، متاثرہ افراد کے لیے بڑی خبر
Abdul Rehman
اسلام آباد: وزیراعظم سیٹیزن پورٹل پر قبضہ مافیا کے خلاف شکایات درج کرانے کے لیے نیا سیکشن تشکیل دے دیا۔
اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق قبضہ مافیاکے خلاف سخت کریک ڈاؤن کے لیے سیٹیزن پورٹل پر علیحدہ سیکشن بنا دیا گیا ہے، جہاں متاثرہ شہری اپنی شکایات درج کروا سکتے ہیں۔
واضح رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم عمران خان نے قبضہ مافیا کے خلاف بھرپور کارروائی کا اعلان کرتے ہوئے علیحدہ یونٹ بنانے کا اعلان کیا تھا۔
ذرائع کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی ہدایت کے بعد یونٹ تشکیل دے دیا گیا ہے، یہ یونٹ صرف قبضہ مافیا کے خلاف درج ہونے والی شکایات کو دیکھے گا۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ اداروں کو اس ضمن میں ہدایت کی گئی ہےکہ وہ پہلی شکایت پر دونوں فریقین کا مؤقف سُنے اور پھر ذمہ دار کے خلاف سخت کاررائی عمل میں لائے۔
وزیراعظم ہاؤس میں قائم یونٹ ہر 15 روز بعد قبضہ مافیا کے خلاف درج ہونے والی شکایات پر عمل درآمد کی پیش رفت کے حوالے سے رپورٹ بھی لے گا۔ عدالتی کارروائی میں شامل شکایات کو نہیں چھیڑاجائےگا جبکہ سمندر پار مقیم پاکستانیوں کی شکایات کو ترجیح بنیادوں پر حل کیا جائے گا۔