جنوبی افریقہ کے سابق کپتان فاف ڈو پلیسی نے ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا۔
جنوبی افریقہ کیلیے 69 ٹیسٹ میچز میں 4ہزار سے زائد رنز بنانے والے 36 سالہ کرکٹر نے ریٹائرمنٹ کا اعلان سماجی رابطے کی سائٹ انسٹاگرام پر کیا۔
فاف ڈو پلیسی نے اپنی ریٹائرمنٹ کے حوالے سے لکھا کہ، ’کرکٹ کے تمام فارمیٹ میں جنوبی افریقہ کی نمائندگی کرنا میرے لیے اعزاز کی بات ہے لیکن اب وقت آگیا ہے کہ میں ٹیسٹ کرکٹ سے ریٹائرمنٹ لوں‘۔
فاف ڈوپلیسی تینوں فارمیٹ جنوبی افریقہ کی قیادت کے فرائض سرانجام دے چکے ہیں، پلیسی کی کپتانی میں جنوبی افریقہ نے 36 ٹیسٹ میچز میں سے 18 میں کامیابی حاصل کی۔
کیرئیر کے 8 سالہ دور میں ڈوپلیسی نے 10 سنچریاں اور 21 نصف سنچریاں اسکور کیں اور 40.02 کی اوسط سے ٹیسٹ کرکٹ میں 4 ہزار 163 رنز اسکور کیے۔
ڈو پلیسی نے نومبر 2012 میں آسٹریلیا کیخلاف ایڈیلیڈ کے مقام پر ڈیبیو کیا اور پہلے میچ میں سنچری اسکور کی۔