کراچی : محکمہ اسپیشل ایجوکیشن میں غیرقانونی بھرتیوں پر سماعت کرتے ہوئے عدالت نے سابق سیکریٹری نور لغاری سمیت 8 ملزمان کی درخواست ضمانت مسترد کردی۔
ملزمان میں سابق اسپیشل ایجوکیشن سیکریٹری نور لغاری، پی ایس سیکریٹری محمد علی، ناز پروین، محمد علی شاہ، ڈاکٹر کیشور کمار، مشتاق احمد، خالد سلیمان اور عبدالرحمان شامل ہیں۔
نیب کا کہنا ہے کہ ملزمان نے 2012 سے 2015 کے درمیان کراچی، حیدر آباد اور سکھر ریجن میں غیر قانونی بھرتیاں کیں۔
قومی احتساب بیورو کا کہنا ہے کہ جن افراد کی غیرقانونی بھرتیاں کی گئیں، ٹیسٹ میں ان تمام امیدواروں کو 0، 90 مارکس دئیے گئے جبکہ سابق سیکریٹری کے پی ایس نے اپنی اہلیہ کو عربی ٹیچر کی نوکری بھی دلائی۔
نیب کا کہنا ہے کہ ملزمان کی جانب سے غیرقانونی بھرتیاں کرکے قومی خزانے کو کروڑوں کا نقصان پہنچایا گیا ہے۔
واضح رہے کہ ملزمان کے خلاف احتساب عدالت میں ریفرنس زیر سماعت ہے اور اسی لیے قومی احتساب بیورو نے عدالت سے ضمانت مسترد ہونے پر سابق سیکریٹری اسپیشل ایجوکیشن نور لغاری اور ڈاکٹر کشور کمار کو عدالت کے باہر سے ہی گرفتار کرلیا۔