کراچی: شہر قائد میں کے سی آر کی لائن پر عوام کو خود پھاٹک پر ٹریفک کنٹرول کرنا پڑ گیا۔
تفصیلات کے مطابق کراچی سرکلر ریلوے تاحال مکمل طور پر بحال نہیں ہو سکی ہے، سٹی سے اورنگی تک پھاٹک موجود ہے لیکن ٹرین کی آمد کے وقت اسے بند کرنے والا کوئی نہیں۔
ریلوے کی جانب سے نامکمل انتظامات کے باعث عوام خود ٹرین کی آمد کے وقت پھاٹک پر ٹریفک کنٹرول کرنے لگے ہیں۔
سائٹ ایریا میں کھلے پھاٹک کے دوران کے سی آر ٹرین کی آمد نے اس وقت لوگوں میں افراتفری مچا دی جب پھاٹک پر شدید ٹریفک جام تھا اور اسی دوران کے سی آر ٹرین سامنے سے آنے لگی۔
ادھر ترجمان ریلوے نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سٹی سے اورنگی 14 کلو میٹر کے سی آر ٹریک کے تمام پھاٹکوں پرگیٹ لگے ہیں، اور ان پر گیٹ مین بھی تعینات ہیں۔
ترجمان نے کہا کہ آج گیٹ کے نزدیک ٹرک کا ایکسل ٹوٹنے سے گیٹ بند نہیں ہو سکا تھا، دونوں گیٹ مینز نے ٹریفک کو روکا اور انجن کو پاس کروایا۔
ترجمان نے مزید بتایا کہ گیٹ مینز ٹی ایل اے ملازمین ہیں، پھاٹک پر پیش آنے والے واقعے کے سلسلےمیں ان کے خلاف قوانین کے مطابق کارروائی ہوگی، واقعے سے کوئی جانی یا مالی نقصان نہیں ہوا۔