Todays News

عظیم قربانیوں پر اپنے شہداء کے اہل خانہ کاجتنا شکریہ ادا کریں کم ہے، آرمی چیف


راولپنڈی : آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا ہے کہ عظیم قربانیوں پر اپنے شہدا کے اہل خانہ کاجتنا شکریہ ادا کریں کم ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کی فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی ہیلی کاپٹر حادثے میں شہید ہونے والے میجرجنرل امجدحنیف اور میجرطلحہ منان کے اہل خانہ سے ملاقات کی۔

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ آرمی چیف راولپنڈی میں دونوں شہدا کے گھر گئے اور اہلخانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔

اس موقع پرجنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ شہدا ہماری قوم کا فخر ہیں، عظیم قربانیوں پراپنے شہدا کےاہل خانہ کاجتناشکریہ اداکریں کم ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ شہدا کے اہل خانہ سے رابطے میں رہنا ہمارافرض ہے، ہم ہمیشہ کے لئے شہدا کے اہل خانہ کی فلاح وبہبود کے ذمہ دارہیں۔۔

یاد رہے یکم اگست کو بلوچستان میں سیلاب متاثرین کی امداد کے لیے جانے والا فوج کا ہیلی کاپٹر اچانک لاپتا ہوگیا تھا جس میں کور کمانڈر کوئٹہ لیفٹیننٹ جنرل سرفراز علی سمیت 6 افسران و اہلکار سوار تھے۔

اگلے روز ہیلی کاپٹر کا ملبہ موسیٰ گوٹھ وندر لسبیلہ سے ملا تھا، جس کے بعد آئی ایس پی آر نے تمام افسران و اہلکاروں کی افسوس ناک حادثے میں شہادت کی تصدیق کی تھی۔

Exit mobile version