لاہور: گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور کا کہنا ہے کہ کوئی بھی عمران خان کو اقتدار سے نہیں نکال سکتا، وہ 2023 تک وزیراعظم رہیں گے۔
گورنر پنجاب چوہدری محمد سرور نے جنوبی پنجاب کے ورکرز کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام کیا۔
اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے چوہدری محمد سرور کا کہنا تھا کہ عمران خان کو اقتدار سےکوئی نہیں نکال سکتا وہ 2023 تک وزیراعظم رہیں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سب جانتے ہیں وزیراعظم عمران خان کسی سے بلیک میل ہونے والے لیڈر نہیں ہیں، اپوزیشن جماعتیں تقسیم ہیں ان کے احتجاجی مارچ بھی سیاسی مشہوری کے لیے ہوں گے۔
گورنر پنجاب کا کہنا تھا کہ عام انتخابات وقت سے ایک دن بھی پہلے نہیں ہوں گے، ناکامی اپوزیشن کا مقدر ہے، اپوزیشن سڑکوں پر آنے کے بجائے الیکشن کا صبر و تحمل سے انتظار کرے۔
چوہدری محمد سرور کا اس موقع پر یہ بھی کہنا تھا کہ جنوبی پنجاب کے عوام کو زیادہ سے زیادہ سہولیات کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔