عامر اور شرجیل میچ پلٹنے کی صلاحیت رکھتے ہیں، کوچ کراچی کنگز کا اعتراف
Abdul Rehman
کراچی: کراچی کنگز کے کوچ ہرشل گبز نے پی ایس ایل فائیو کی چیمپئن ٹیم کو بہترین قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرکٹ کا ٹیلنٹ دیکھ کر بہت متاثر ہوا ہوں۔
تفصیلات کے مطابق کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کراچی کنگز کے کوچ ہرشل گبز نے کہا کہ کراچی کنگز کی ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، بابر اعظم کو دنیا کا بہترین بلے باز قرار دیتے ہوئے جنوبی افریقہ کے سابق کھلاڑی اور کراچی کنگز کے کوچ نے کہا کہ شائقین کرکٹ ہر بار بابر اعظم سے ٹی ٹوئنٹی میں نصف سینچری کی توقع رکھتے ہیں۔
ہرشل گبز نے کراچی کنگز کے جارح مزاج بلے باز شرجیل خان کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بائیں ہاتھ سے بلے بازی کرنے والے شرجیل خان نے انہیں بہت متاثر کیا ہے، بے شک وہ ایک بہترین بلے باز ہے۔
کراچی کنگز کے اہم بولر محمد عامر سے متعلق کوچ کا کہنا تھا کہ عامر بہت اچھا بولر ہے، وہ میچ کے مطابق اپنا رول ادا کرنے کا ہنر جانتا ہے، عامر اور شرجیل کسی بھی وقت میچ کا پانسہ پلٹنے میں مہارت رکھتے ہیں۔
کوچ کراچی کنگز کا مزید کہنا تھا کہ مجموعی طور پر کراچی کنگز کی ٹیم بہترین کھلاڑیوں پر مشتمل ہے، گبز کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان میں کرکٹ کے ٹیلنٹ نے انہیں بڑا متاثر کیا ہے۔