Todays News

شمالی وزیرستان میں پاک فوج کی کارروائی،4 دہشتگرد ہلاک


شمالی وزیرستان کے علاقے میرعلی میں سیکیورٹی فورسز نے کارروائی کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا۔ فائرنگ کے تبادلے میں 2 اہل کار بھی شہید ہوئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ ( آئی ایس پی آر) کے مطابق شمالی وزیرستان کے علاقے میر علی میں پاک فوج نے کارروائی کے دوران 4 دہشت گردوں کو ہلاک کیا۔

آپریشن خفیہ اطلاعات پر کیا گیا۔ ترجمان کے مطابق سیکیورٹی فورسز کی جانب سے جب ٹھکانے کا محاصرہ کیا گیا تو دہشت گردوں نے شدید فائرنگ شروع کردی۔

فائرنگ کے تبادلے میں 4 دہشت گرد ہلاک جب کہ 2 سپاہی 42 سالہ نائب صوبیدار امین اللہ اور 24 سالہ شیر ضامن شہید ہوئے۔ امین اللہ کا تعلق چترال سے، جب کہ شیر ضامن کا تعلق لنڈی کوتل سے ہے۔

آپریشن میں فائرنگ سے 4 فوجی اہل کار زخمی بھی ہوئے۔ مارے گئے دہشت گرد متعدد اغوا برائے تاوان، بھتہ خوری، سیکیورٹی فورسز پر حملوں کی وارداتوں میں ملوث تھے۔

Exit mobile version