لاہور قومی ٹیم کے سینئر آل راﺅنڈر شعیب ملک کو جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا اور یوں محسوس ہوتا ہے کہ ان کیلئے قومی ٹیم کے دروازے بدستور بند رہیں گے کیونکہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے چیف سلیکٹر محمد وسیم کا کہنا ہے کہ صرف سینیارتی سلیکشن کا معیار نہیں ہے بلکہ فارم اور ٹیم کی ضرورت کو دیکھتے ہوئے ہر پوزیشن کیلئے موزوں کھلاڑی کا انتخاب کیا جائے گا، مڈل آرڈر میں فی الحال شعیب ملک سے بہتر بیٹسمین نظر آ رہے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق جنوبی افریقہ کیخلاف ٹی 20 سیریز کیلئے قومی سکواڈ کا اعلان کرتے ہوئے پریس کانفرنس میں محمد وسیم نے واضح کیا کہ صرف سینئرز کو ہی منتخب کرنا ضروری نہیں، ماضی کی پرفارمنس اہمیت رکھتی ہے مگر ہمیں موجودہ فارم اور ٹیم کی ضرورت کے مطابق کھلاڑیوں کا انتخاب کرنا ہے،کسی بھی پوزیشن کیلئے موزوں کھلاڑی کو کردار کے مطابق ٹیم میں جگہ دیں گے، گزشتہ دو سال کے دوران مڈل آرڈر میں کئی دیگر بیٹسمینوں کی کارکردگی اور ریکارڈ شعیب ملک سے بہتر ہے،اس میں کوئی شک نہیں کہ ان کے پاس تجربہ ہے،ورلڈکپ سے قبل دیگر کھلاڑیوں کی آزمائش کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ سینئر آل راﺅنڈر کو اپنے پلان سے باہر نہیں کیا لیکن فی الحال ان سے بہتر آپشن نظر آ رہے ہیں، چیف سلیکٹر نے کہا کہ ورلڈکپ سے قبل میسر میچز کا نصف مکمل ہونے تک اپنے پول کے حوالے سے حتمی فیصلے کرلیں گے، ٹی 20 ورلڈکپ کی تیاری کیلئے اچھا وقت میسر ہے، بیٹنگ اور باﺅلنگ میں بیشتر اپنی جگہ مستحکم کر چکے ہیں لیکن ابھی تین یا چار پوزیشنز خالی ہیں جن پر خلاءپر کرنے کی کوشش کر رہے ہیں۔
چیف سلیکٹر نے کہا کہ ان پوزیشنز کیلئے مختلف نام زیر غور ہیں اور ہمیں امید ہے کہ پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کے چھٹے ایڈیشن میں کھلاڑیوں کی کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کوئی بھی فیصلہ کرنے میں آسانی ہو گی، اگلی دو یا تین سیریز میں اپنا سکواڈ اور پلان طے کرلیں گے، پلیئرز کو منتخب کرتے ہوئے متعلقہ فارمیٹ میں کارکردگی کو پیش نظر رکھا جائے گا اور ٹی 20 کرکٹ میں کارکردگی کی بنیاد پر کسی کھلاڑی کو ٹیسٹ کرکٹ کیلئے منتخب نہیں کیا جائے گا۔