سینیٹ انتخابات : پی ڈی ایم کے امیدوار نے وزیر اعظم عمران خان سے بھی ووٹ مانگ لیا
Abdul Rehman
اسلام آباد: پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے امیدوار یوسف رضا گیلانی نے وزیر اعظم عمران خان سے ووٹ مانگ لیا اور کہا ہمیں آج یکجہتی کی ضرورت ہے۔
تفصیلات کے مطابق پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے امیدوار یوسف رضا گیلانی نے وزیر اعظم عمران خان کو خط لکھا ، جس میں کہا ہے کہ سینیٹ الیکشن کیلئے ووٹ مانگتے ہوئے کہا انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ سوچ سمجھ کرکیا، بطور اسپیکر حکومتی، اپوزیشن اراکین میں تفریق نہیں کی اور بطور وزیراعظم دفتر کے دروازے ہر ایک کیلئے کھلے رہے، ہمیں آج یکجہتی کی ضرورت ہے۔
اس سے قبل سابق وزیراعظم یوسف رضاگیلانی نے ارکان قومی اسمبلی کو خط لکھ کر سینیٹ الیکشن کیلئے ووٹ مانگا تھا اور کہا کہ ارکان قومی اسمبلی سینیٹ الیکشن کیلئے ووٹ دیں ، آج کئے گئے فیصلےمستقبل کی سمت طے کریں گے۔
ان کا کہنا تھا کہ پارلیمان کےتقدس کےلیےاکٹھےہوناہے، سیاسی ونظریاتی اختلاف جمہوریت کاحسن ہے، الیکشن اپنی انا کی تسکین یا کسی حکومت کے خلاف نہیں لڑرہا، امید ہے 3 مارچ کو میری زندگی اور کردار کو مدنظر رکھ کر ارکان فیصلہ کریں گے۔
خیال رہے سینیٹ انتخابات کےلیے یوسف رضا گیلانی اور حفیظ شیخ درمیان سخت مقابلہ متوقع ہے اور دونوں جانب سے اراکین سے رابطوں کا سلسلہ جاری ہے۔