اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سینیٹ انتخابات میں کرپشن روکنے کیلیے ویجی لینس کمیٹی قائم کردی، کمیٹی الیکشن کمیشن کوضروری معلومات اور ریکارڈ فراہم کرے گی۔
تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے سینیٹ انتخابات میں کرپشن روکنے کے لیے انتظامات کئے جارہے ہیں ، اس سلسلے میں سینیٹ الیکشن کو شفاف بنانے کے لیے ویجی لینس کمیٹی قائم کردی گئی۔
کمیٹی میں الیکشن کمیشن،ایف بی آر،نیب،اسٹیٹ بینک اورنادرا کےنمائندےشامل ہیں ، کمیٹی الیکشن کمیشن کوضروری معلومات اور ریکارڈ فراہم کرے گی اور انکوائری کے بعد رپورٹ پیش کرنے کی پابند ہوگی، الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ جہاں ضرورت ہوئی کمیٹی انکوائری کرکےرپورٹ پیش کرے گی۔
دوسری جانب الیکشن کمیشن نے شکایات کے لیے کمپلینٹ مینجمنٹ سسٹم بنا دیا ہے ، جس کے تحت عوام اپنی شکایات الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ پربھیج سکیں گے جبکہ الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں خصوصی مانیٹرنگ سیل بھی قائم کردیا گیا ہے، مانیٹرنگ سیل 24گھنٹے کام کرے گا۔
الیکشن کمیشن میں ٹیلی فون ہیلپ لائن بھی قائم کردی گئی ہے، شکایت 0518848888 پر درج کرائی جاسکتی ہے۔
خیال رہے الیکشن کمیشن نے سپریم کورٹ کی رائے پر من و عن عمل کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے پرانے طریقہ کار سے سینیٹ الیکشن کرانے کا فیصلہ کیا تھا، الیکشن کمیشن کی جانب سے اعلامیہ میں کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں کہا کہ آرٹیکل218تین کےتحت شفاف الیکشن کرانا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا کہ سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ موصول ہوگیا ہے، سینیٹ انتخابات گزشتہ سالوں کی طرح خفیہ بیلٹ پیپر کےذریعے ہونگے، ایوان بالا کے انتخابات کو شفاف بنانے کیلئےتمام اقدامات کئےجائیں گے۔