سینیٹ انتخابات:قومی اسمبلی ميں آئینی ترمیم آج پیش کی جائیگی
Abdul Rehman
سینیٹ انتخابات کے طریقہ کار ميں تبدیلی کے معاملے پر حکومت آج آئینی ترمیم قومی اسمبلی ميں پیش کرے گی۔
حکومت نے اتحادی ارکان کو بھی آج قومی اسمبلی ميں حاضری یقینی بنانے کی ہدایات جاری کر دی ہے۔ اجلاس ميں وزيراعظم کی آمد بھی متوقع ہے۔
مجوزہ ترميم ميں کہا گيا کہ سینیٹرز کا انتخاب صوبائی اسمبلیوں میں شو آف ہینڈز کے ذریعے کرایا جائے جبکہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کا انتخاب پرانے طریقہ کار کے مطابق ہی تجویز کيا گيا ہے۔
دوسری جانب سینیٹ انتخابات کے حوالے سے الیکشن کمیشن کا اہم اجلاس بھی آج ہوگا۔
سینیٹ الیکشن مارچ کے پہلے ہفتے میں منعقد ہوں گے جس کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرنے کا سلسلہ 8 فروری سے شروع ہونے کا امکان ہے۔
سینیٹ انتخابات کے لیے حکمراں جماعت پاکستان تحریک انصاف نے پارٹی ٹکٹس کے لیے پارلیمانی بورڈ بھی قائم کر دیا ہے جوکہ 11 رکنی ممبران پر مشتمل ہوگا۔
واضح رہے کہ ایوانِ بالا یعنی سینیٹ کے اجزائے ترکیبی کے لحاظ سے کل ممبران کی تعداد 104ہے۔ ایوان میں چاروں صوبوں سے کُل 23 ارکان ہیں جن میں سے 14 عمومی ارکان، 4 خواتین، 4 ٹیکنوکریٹ اور 1 اقلیتی رکن ہے۔
فاٹا سے 8 عمومی ارکان سینیٹ کا حصہ ہیں۔ اسلام آباد سے کُل 4 ارکان ہیں جن میں سے 2 عمومی، جب کہ ایک خاتون اور ایک ہی ٹیکنوکریٹ رکن ہے۔