سینیٹ الیکشن میں پیسے کی مداخلت اور ووٹوں کی خریدوفروخت کیخلاف درخواست دائر
Abdul Rehman
لاہور:سینیٹ الیکشن میں پیسے کی مداخلت اور ووٹوں کی خریدوفروخت کیخلاف درخواست دائر کردی گئی ، جس میں استدعا کی ہے کہ سینیٹ الیکشن شفاف بنانے کیلئےٹھوس اقدامات کی ہدایت کی جائے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور ہائی کورٹ میں سینیٹ الیکشن میں پیسےکی مداخلت اور ووٹوں کی خریدوفروخت کیخلاف درخواست دائر کردی گئی ، اظہر صدیق ایڈووکیٹ کی درخواست میں الیکشن کمیشن کو فریق بنایا گیا ہے۔
درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ الیکشن میں ووٹوں کی خرید و فروخت کیلئے ایک ویڈیوبھی سامنےآ ئی ، سینیٹ الیکشن میں کرپشن، پیسےکےعمل دخل کا خدشہ ہے۔
درخواست گزار نے کہا کہ الیکشن کمیشن کو مراسلہ بھی بھیجا لیکن پیش رفت نہیں کی گئیں، استدعا ہے کہ سینیٹ الیکشن شفاف بنانے کیلئے ٹھوس اقدامات کی ہدایت کی جائے۔
یاد رہے سال 2018 سینیٹ انتخابات میں پی ٹی آئی کے 20 ارکان اسمبلی کو خریدنے سے متعلق ویڈیو سامنے آئی، ویڈیو میں اراکین اسمبلی کو نوٹ گنتے اور بیگ میں ڈالتے دیکھا جاسکتا تھا ، یہ خریدوفروخت 20فروری 2018سے2مارچ کے دوران کی گئی تاہم بعد ازاں پی ٹی آئی نے تحقیقات کےبعد ووٹ بیچنے والے 20ارکان کوپارٹی سے نکال دیا تھا۔