سندھ میں گورنر راج کی گونج ، ایم کیو ایم پاکستان کل وزیراعظم سے اہم ملاقات کرے گی
Abdul Rehman
اسلام آباد : وزیراعظم عمران خان سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی اہم ملاقات کل ہوگی، جس میں وفد تاجروں کی جانب سے گورنر راج لگانے کی تجویز دے گا جبکہ دیگر معاملات بھی اٹھائے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان سے ایم کیو ایم پاکستان کے وفد کی اہم ملاقات کل ہوگی ،ذرائع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم وفد کی سربراہی ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کریں گے جبکہ ملاقات میں گورنر سندھ عمران اسماعیل ،عامر خان، وسیم اختر ، امین الحق ودیگر شامل ہوں گے۔
ذرائع نے کہا ہے کہ ملاقات میں کراچی سمیت سندھ شہری علاقوں کے مسائل رکھے جائیں گے ، ایم کیو ایم کراچی کے تاجروں کے مسائل سے بھی وزیراعظم کو آگاہ کرے گی۔
ذرائع کے مطابق ملاقات میں ایم کیو ایم کا وفد تاجروں کی جانب سے گورنر راج لگانے کی تجویز بھی دے گا جبکہ پولیس اور انتظامیہ کی تاجروں سے رشوت ، کاروبارسیل ،گرفتاریوں کا معاملہ بھی اٹھایا جائے گا۔
ذرائع نے بتایا ہے کہ جعلی ڈومیسائل ، بیڈ گورننس ،مردم شماری ، کوٹہ سسٹم بندر بانٹ پربھی تحفظات سے آگاہ کیاجائے گا جبکہ ایم کیوایم ،تحریک انصاف کے درمیان تحریری معاہدے پربھی بات ہوگی۔
خیال رہے سندھ حکومت کی پالیسیوں سے نالاں تاجروں نے گورنر راج لگانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا تھا کہ ظلم کی انتہا ہو رہی ہے وزیراعلی سندھ کو تاجروں کے مسائل کے حوالے سے درجنوں خطوط ارسال کیے لیکن کوئی جواب نہیں ملا۔
تاجر رہنماءالیاس میمن نے کہا تھا کہ تاجروں کے مطالبات کی منظوری کے لیئے حکومت کے پاس صرف 48 گھنٹے باقی رہ گئے ہیں اگر سندھ حکومت نے ریلیف نہ دیا گیا تو پھر بات سڑکوں پر ہو گی۔