ریاض: سعودی عرب میں سال 2020 کے دوران مکانات کی تعمیر میں 4.3 اضافہ ریکارڈ کیا گیا اور اس دوران ہزاروں خاندان کی مالی مدد بھی کی گئی۔
غیرملکی خبررساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق مملکت میں گذشتہ سال 3 لاکھ 44 ہزار 553 مکانات تیار کیے گئے جو ہاؤسنگ یونٹس کی تعمیرات میں 4.3 فیصد اضافہ ہے۔ ہاؤسنگ سپورٹ پروگرام نے 2020 میں ریکارڈ اضافے کے بعد تقریباً 2 لاکھ 22 ہزار خاندانوں کی مالی مدد بھی کی۔
مملکت میں ایک فلیجنگ مارگیج مارکیٹ بھی ہزاروں سعودی ہوم بائیرز کو مالی اعانت فراہم کر رہا ہے۔
سعودی عرب بڑی طلب کو مدنظر رکھتے ہوئے نئی ہاؤسنگ میں زیادہ سرمایہ کاری کررہا ہے تاکہ ہر شہری اپنا گھر خرید سکے۔ اس دوران حکومت کی جانب سے دیگر سہولتی اقدامات بھی اٹھائے جارہے ہیں۔
واضح رہے کہ سعودی خاندانوں کو فراہم کی جانے والی نئی ہاؤسنگ فنانس 2020 کے دوران بڑھ کر 2 لاکھ 95 ہزار 590 معاہدوں تک ریکارڈ کی گئی۔
کورونا وبا کے باوجود سعودی مارگیج کے معاہدوں میں اضافہ
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ سعودی سینٹرل بینک (ساما) نے مارگیج کے حوالے سے تازہ اعداد وشمار جاری کیے تھے جس میں بتایا گیا تھا کہ نئے سعودی مارگیج میں ایک تہائی سے زیادہ کا اضافہ ہوا۔ ساما کا کہنا تھا کہ نئی جائیدادوں کی منتقلی کے حساب سے مارگیج کے معاہدوں کی تعداد 33 ہزار تک بڑھی جس کی مالیت 16.4 بلین سعودی ریال ہے۔