کراچی : قومی ایئر لائن (پی آئی اے ) نے سعودی عرب جانے والے مسافروں کے قرنطینہ کے لیے 11 کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
تفصیلات کے مطابق قومی ایئر لائن (پی آئی اے ) کی جانب سے سعودی عرب جانے والوں کی سہولت کے لیے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے ، ایئرلائن نے مسافروں کو قرنطینہ کے لیے 11 کمپنیوں کی خدمات حاصل کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
پی آئی اے ذرائع کا کہنا ہے کہ کمپنیاں قرنطینہ کیلئے مسافروں کو خدمات فراہم کریں گی ، کمپنیوں سے قرنطینہ کیلئے خدمات کا معاہدہ کیا گیا ہے، مسافر کمپنیوں سے قرنطینہ کیلئے واؤچر کا استعمال کرسکیں گے۔
یاد رہے گذشتہ سال دسمبر میں سعودی عرب نے پاکستان پر عائد فضائی سفری پابندیاں ختم کی تھیں اور کہا تھا کہ سعودی عرب پہنچنے کے بعد مسافروں کو پانچ روز قرنطینہ میں گزارنے ہوں گے جبکہ روانگی سے 72 گھنٹے قبل کی پی سی آر رپورٹ دکھانی ہوگی۔
خیال رہے سعودی عرب کی جانب سے سفری پابندی ختم کیے جانے کے بعد پی آئی اےنے ہفتہ وار33 پروازیں بڑھا کر 48 کر دی ہیں اب پی آئی اے پاکستان سے سعودی عرب کیلئے ہفتہ وار48 پروازیں آپریٹ کررہی ہے۔