Todays News

سعودی عرب سے پاکستان آنے والے مسافروں کی پریشانیاں بڑھ گئیں


کراچی: سعودی عرب سے پاکستان آنے والے 8 مسافر کورونا وائرس کا شکار نکلے جنہیں فوری طور پر قرنطینہ منتقل کردیا گیا۔

تفصیلات کے مطابق مملکت سے کراچی پہنچنے والے مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوئی جس کے بعد احتیاطی تدابیر پر عمل کرتے ہوئے کووڈ19 متاثرین کو قرنطینہ منتقل کیا گیا ہے۔

جناح انٹر نیشنل ایئرپورٹ پر جدہ سے شہرقائد پہنچنے والے 8مسافر وں کے کورونا وائرس کے ٹیسٹ مثبت نکلے۔ مسافر سعودی ایئر لائن کی پرواز ایس وی 700کے ذریعے کراچی پہنچے تھے۔

ادھر محکمہ صحت سندھ کا کہنا ہے کہ مسافروں کے ریپڈ ٹیسٹ کیے گئے تو ان میں 8مسافروں میں کورونا وائرس کی تشخیص ہوئی۔

محکمہ نے مزید بتایا کہ مسافروں کو قرنطینہ کیلئے سندھ گورنمنٹ اسپتال کورنگی نمبر5 منتقل کردیا گیا ہے۔

خیال رہے کہ اس سے قبل بھی سعودی عرب سے پاکستان آنے والے مسافروں میں کورونا وائرس کی تصدیق ہوچکی ہے جو مرحلہ وار قرنطینہ گئے اور انہیں صحت یابی پر آئسولیشن سے چھوٹ ملی۔

Exit mobile version