ریاض: سعودی محکمہ پاسپورٹ وامیگریشن(جوازات) نے خروج عودہ ویزے سے متعلق وضاحت پیش کی ہے۔
تفصیلات کے مطابق جوازات کے ٹوئٹر ہینڈل پر پوچھے گئے ایک سوال پر سعودی محکمہ پاسپورٹ نے کہا کہ خروج عودہ ویزا(ایگزٹ ری انٹری) پر مملکت سے گئے غیرملکیوں کا ‘ہروب’ نہیں لگ سکتا۔
جوازات نے بتایا کہ ہروب لگانے کے لیے غیر ملکی کارکن کا مملکت میں موجود ہونا اور اس کا اقامہ کارآمد ہونا لازمی امر ہے، اگر کوئی کارکن چھٹی پر سعودی عرب سے جاتا ہے تو سسٹم میں اس کا اسٹیٹس ’متغیب عن العمل ‘ نہیں ہوتا۔
ہروب ایک طرح سے فرار کی رپورٹ ہوتی ہے لیکن خروج وعودہ پر جانے والا آجر یا کفیل کی اجازت سے جاتا ہے اس صورت میں ہروب لگانا ممکن نہیں ہے۔
اگر ملازم مقررہ وقت پر سعودی عرب نہیں لوٹے تو اس صورت میں ‘خرج ولم یعد’ کا آپشن استعمال کیا جاسکتا ہے۔ اسپانسر اسے ’خرج ولم یعد ‘ کی کیٹگری میں ڈال کر اقامہ کینسل کرانے کا حق دار ہوگا۔
وہ غیرملکی جو ایگزٹ ری انٹری ویزے پر مقررہ تاریخ پر یا اس سے قبل مملکت نہیں آتے انہیں مذکورہ کیٹگری میں ڈال دیا جاتا ہے جس کے نتیجے میں تارکین کا ویزا کینسل کرنے سمیت تین سال کی سعودی عرب داخلے کی پابندی بھی عائد کردی جاتی ہے تاہم دوسرے ویزے کے ذریعے واپسی ممکن ہے۔