Todays News

سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم نے فردِ جرم چیلنج کر دی


اسلام آباد : سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم نے فرد جرم چیلنج کر دی، جس میں کہا کہ جنہوں نے بیان حلفی چھپایا انہیں چھوڑ کر صرف مجھ پر فردجرم غیر قانونی ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم نے فرد جرم کے خلاف اسلام آبادہائی کورٹ میں انٹراکورٹ اپیل دائر کردی۔

درخواست میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ جنہوں نے بیان حلفی چھپایا انہیں چھوڑ کرصرف مجھ پر فردجرم غیر قانونی ہے، فرد جرم عائد کرنے کا حکمنامہ کالعدم قرار دیکر کیس ختم کیا جائے۔

سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم نے کہا کچھ ریکارڈ پر نہیں کہ میں نے کسی کو بیان حلفی چھاپنے کو دیا۔

درخواست میں رانا شمیم نے انصار عباسی، میر شکیل الرحمان ، عامر غوری کو بھی فریق بنایا گیا ہے۔

یاد رہے 20 فروری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے سابق چیف جج راناشمیم پر فردِ جرم عائد کی تھی جبکہ میرشکیل،انصارعباسی اور عامرغوری پر فردجرم عائد کرنے کا فیصلہ موخر کردیا تھا۔

بعد ازاں توہین عدالت کیس میں اسلام آباد ہائی کورٹ نے راناشمیم کو سات مارچ تک بیان حلفی جمع کرانے کا حکم دیتے ہوئے بیان حلفی کی کاپی اٹارنی جنرل کو فراہم کرنے کی ہدایت کی تھی۔

خیال رہے سابق چیف جج رانا شمیم نے الزام عائد کیا تھا کہ پاکستان کی سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار نے سابق وزیراعظم میاں نواز شریف اوران کی بیٹی کو سنہ 2018 میں ہونے والے عام انتخابات سے قبل ضمانت نہ دینے سے متعلق اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججزپر دباؤ ڈالا تھا۔

Exit mobile version