سابق برطانوی فٹ بالر کامیاب جوان اسپورٹس ڈرائیو کا حصہ بن گئے

0


اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان کے ٹیلنٹ ہنٹ پروگرام کے آغاز میں صرف 1 دن باقی رہ گیا، سابق برطانوی فٹ بالر مائیکل اوون بھی کامیاب جوان اسپورٹس ڈرائیو کا حصہ بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق سابق برطانوی فٹ بالر مائیکل اوون کامیاب جوان اسپورٹس ڈرائیو کا حصہ بن گئے، مائیکل اوون پاکستان میں سوکر سٹی بنا کر نوجوانوں کی تربیت کریں گے۔

مائیکل اوون نے وزیر اعظم عمران خان اور پاکستانی فینز کے نام اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ پاکستانی نوجوانوں کی عالمی معیار کے مطابق کوچنگ کے لیے تیار ہوں، پاکستان کی 68 فیصد آبادی 30 سال سے کم عمر نوجوانوں پر مشتمل ہے، پاکستانی نوجوانوں کو لوکل سے گلوبل تک لانے میں کردار ادا کرنے کو تیار ہوں۔

مائیکل اوون کا کہنا تھا کہ کامیاب جوان پروگرام کے ذریعے فٹبال کا زبردست ٹیلنٹ تلاش کروں گا، پاکستان اسپورٹس ڈرائیو وزیر اعظم اور عثمان ڈار کا زبردست خیال ہے۔ پاکستان میں نئے ٹیلنٹ کی تلاش کے لیے نیشنل ٹرائلز شروع کریں گے۔

وزیر اعظم عمران خان نے مائیکل اوون کو کامیاب جوان کا سفیر بننے پر مبارکباد دی، انہوں نے کہا کہ پاکستان میں ٹیلنٹ کو تلاش کرنے کا زبردست موقع فراہم کر رہے ہیں۔ نوجوانوں کے لیے پوری منصوبہ بندی کے ساتھ جامع پروگرام لانچ کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نوجوانوں سے خطاب میں آئندہ کا لائحہ عمل بتاؤں گا، نوجوانوں کو کھیلوں جیسی مثبت سرگرمیوں کے مواقع فراہم کرنا ہوں گے۔ پاکستان کے مقامی ٹیلنٹ کو عالمی سطح پر کامیاب دیکھنا چاہتے ہیں۔

وزیر اعظم کے مشیر برائے امور نوجوان عثمان ڈار کا کہنا ہے کہ مائیکل اوون کی شمولیت پاکستانی ٹیلنٹ کے لیے حوصلہ افزا خبر ہے، کھیلوں کے شعبے میں پاکستان کا معیار عالمی سطح پر لانے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ انٹرنیشنل کوچنگ مقامی ٹیلنٹ کو نکھارنے میں مددگار ثابت ہوگی، نامور عالمی کھلاڑیوں نے اسپورٹس ڈرائیو کا حصہ بننے کی پیشکش کی ہے۔ کامیاب جوان پروگرام میں نامور کھلاڑیوں کی شمولیت کا جاری رکھیں گے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here