رنگ روڈ اسکینڈل میں اہم پیش رفت

0


لاہور: راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، اینٹی کرپشن ہیڈکوارٹرز میں تفتیشی ٹیم کے سامنے کئی اہم پیشیاں ہوئیں۔

اے آر وائی نیوز کے مطابق آج جمعے کو رنگ روڈ اسکینڈل کے سلسلے میں سابق ڈی سی راولپنڈی انوار الحق انکوائری میں اینٹی کرپشن میں پیش ہوئے، اینٹی کرپشن نے انوار الحق کو رنگ روڈ اتھارٹی انکوائری میں طلب کیا تھا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ سابق اے سی راولپنڈی صدر، سابق اے سی ٹیکسلا، سابق اے سی سٹی منصور علی قاضی بھی رنگ روڈ انکوائری میں پیش ہوئے۔

ذرائع کے مطابق قیمت کے تعین میں کوتاہی پر رنگ روڈ کو زمین بیچنے والے عام آدمی کو نقصان ہوا تھا، اس سلسلے میں سابق ڈی سی اور سابق اے سیز سے زمین کی قیمت کے تعین میں کوتاہی پر پوچھ گچھ کی گئی۔

سابق ڈی سی راولپنڈی انوار الحق اور اسسٹنٹ کمشنرز کو علیحدہ علیحدہ سوال نامہ بھی دیا گیا۔

اینٹی کرپشن حکام کا کہنا ہے کہ راولپنڈی رنگ روڈ انکوائری ٹیم قانونی، تکنیکی اور معاشی ماہرین پر مشتمل ہے، اور یہ ٹیم اسکینڈل کی تمام اہم پہلوؤں سے تفتیش کر رہی ہے، مکمل تحقیقات کے بعد اسکینڈل کے حقائق قوم کے سامنے رکھے جائیں گے۔

خیال رہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ہدایات پر اینٹی کرپشن نے راولپنڈی رنگ روڈ اسکینڈل پر انکوائری کا آغاز کیا ہے۔

یاد رہے راولپنڈی رنگ روڈ انکوائری میں بڑے پیمانے پر بے قاعدگیوں کا انکشاف ہوا تھا، انکوائری میں بتایا گیا کہ سابق کمشنر محمد محمود نے رنگ روڈ کی سمت میں غیر قانونی تبدیلی کرائی اور کنسلٹنٹس کی ملی بھگت کے ساتھ رنگ روڈ کی سمت تبدیلی کے لیے غیر قانونی طور پر بولیوں کا اشتہار دیا، محمد محمود، سابق ایل اے سی وسیم تابش اور سابق افسر عبداللہ بے قاعدگیوں میں ملوث پائے گئے۔

LEAVE A REPLY

Please enter your comment!
Please enter your name here