درندگی کی انتہا: آٹھویں جماعت کی طالبہ سے اجتماعی زیادتی
Abdul Rehman
شیخوپورہ: پنجاب میں حوا کی ایک اور بیٹی جنسی درندگی کا شکار ہوگئی ہے۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق افسوسناک واقعہ شیخوپورہ میں پیش آیا، جہاں سولہ سالہ لڑکی سے تین ملزمان نے اجتماعی زیادتی کی، ملزمان نے فون کےذریعہ سہیلی کو ملنےکابہانہ کرکےگھر سےبلوایا اور ایک مکان میں لےگئے۔
پولیس کے مطابق تینوں ملزمان نے آٹھویں جماعت کی طالبہ کو جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا، واقعے کے بعد پولیس نے ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے جبکہ میڈیکل رپورٹ میں بچی کےساتھ زیادتی کی تصدیق ہوگئی ہے۔
واضح رہے کہ ملک بھر میں کم سن بچیوں سے زیادتی کے واقعات میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا ہے، چند روز قبل کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں ڈکیتی کے دوران لڑکی سے اجتماعی زیادتی کا اندوہناک واقعہ پیش آیا تھا۔
بارہ فروری کو صوبہ سندھ کے ضلع میرپور خاص کے علاقے نوکوٹ میں دو خواتین کے ساتھ مبینہ زیادتی کا واقعہ رپورٹ ہوا تھا، خبر نے سوشل میڈیا پر طوفان کھڑا کردیا تھا۔
گذشتہ سال اکتوبر میں چکوال کے علاقے چوآسیدن شاہ میں ساتویں جماعت کی طالبہ سے اجتماعی زیادتی کی گئی، پولیس کا کہنا ہے کہ طالبہ کے ساتھ رکشہ ڈرائیور اور اس کے ساتھی نے زیادتی کی۔