دبئی : محظوظ نامی کمپنی کی ہفتہ وار قرعہ اندازی میں تین خوش قسمت غیرملکی شہریوں نے فی کس ایک لاکھ درہم جیت لیے۔
مذکورہ کمپنی کی یہ 55 ویں لائیو قرعہ اندازی تھی، جس میں تین خوش قسمت تارکین وطن نے اپنا قیمتی انعام وصول کیا، اس موقع پر ان کی خوشی قابل دید تھی۔
خوش نصیب افراد میں تین مختلف ممالک بھارت فلسطین اور فلپائن کے شہری شامل ہیں، اس حوالے سے بھارتی انجینئر مہندر نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اب میں اور میری اہلیہ اپنے بوڑھے والدین کی اچھی دیکھ بھال کرسکیں گے۔
اس کا کہنا تھا کہ اس رقم سے اب میں خود پر واجب الادا قرضے اتار سکوں گا اور اپنی بیٹی کیلئے ایک قیمتی تحفہ بھی لوں گا۔
انعامی رقم جیتنے والے فلسطین نژاد عبدالرحم کا کہنا تھا کہ میں پوری زندگی ایک خوش قسمت انسان رہا ہوں لیکن محظوظ کمپنی کے ذریعے اتنی بڑی رقم جیتنا بھی میرے لیے بہت بڑی بات ہے، عبد الرحم پیشے کی اعتبار سے ایک کیشئر ہیں اور وہ عجمان میں رہائش پذیر ہیں۔
عبدالرحم نے مزید بتایا کہ وہ اس رقم سے قرضوں کی ادائیگی کے علاوہ اپنے بھائی کی مالی مدد بھی کریں گے اور میرا ارادہ کوئی چھوٹا سا کاروبار کرنے کا بھی ہے جس کے بعد میں شادی بھی کروں گا۔
انعامی رقم جیتنے والی تیسری خوش نصیب ایک خاتون جوسیلن ہیں جن کا تعلق فلپائن سے ہے، انہوں نے بتایا کہ جب مجھے علم ہوا کہ میں یہ رقم جیت چکی ہوں تو میں اپنے بیڈ سے اچھل کر کھڑی ہوگئی اور بھاگتے ہوئے جاکر اپنے شوہر کو اس کی اطلاع دی۔
انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ جب میں نے اپنے شوہر کو اس رقم کا بتایا تو ہم دونوں اپنے جذبات پر قابو نہ رکھ سکے اور خوشی کے عالم میں زارو قطار رو پڑے۔
جوسیلن نے کہا کہ یہ انعام میرے لیے کرسمس اور میری سالگرہ کا خاص تحفہ ہے میں ان پیسوں سے آئندہ برس اپنی بیٹی کی گریجویشن کی تقریب میں شرکت کیلئے ٹکٹ بھی خریدوں گی۔