Todays News

حکومتی نااہلی سے لاہور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ مزید بڑھ گئی


وفاقی حکومت کی نااہلی کے باعث لاہور میں بجلی کی لوڈشیڈنگ میں مزید اضافہ ہوگیا جس کے بعد دورانیہ 14 گھنٹے تک پہنچ گیا۔

ذرائع کے مطابق لیسکو کا کوٹہ مزید کم کر دیا گیا جس سے لاہور میں ہر گھنٹے بعد فیڈرز بند ہونے لگے ہیں۔ شہر میں بجلی کی رسد 3800 میگاواٹ پر آگئی جب کہ 1500 میگاواٹ کا شارٹ فال برقرار ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ لاہور میں بجلی کی طلب 5300 میگاواٹ ہے، لیسکو نے وزارت بجلی سے کوٹہ فوری بڑھانے کا مطالبہ کر دیا ہے، پنجاب کے دیہات میں بجلی کی لوڈشیڈنگ 14 گھنٹے تک پہنچ گئی ہے۔

دوسری جانب حکومتی نااہلی کے باعث پاکستان کی تین بڑی پاور کمپنیوں سمیت 16 پاور پلانٹس بند ہوگئے ہیں جس کے باعث ملک میں لوڈ شیڈنگ مزید بڑھنے کا خدشہ ہے۔

پاور کمپنیوں حبکو، لال پیر اور پاک جین نے تیل کی عدم فراہمی پر اپنے پاور پلانٹس بند کر دیے ہیں جبکہ تربیلا، جامشورو اور لاکھڑا پاور پلانٹ بھی بند ہوگئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاور پلانٹ تیل کی ترسیل میں بدانتظامی کی وجہ سے بند کیے گئے ہیں۔

پاور پلانٹس کو فرنس آئل کی ترسیل بند ہونے سے شارٹ فال مزید بڑھے گا جس کے باعث پہلے سے جاری لوڈ شیڈنگ میں مزید اضافہ ہوجائے گا۔

Exit mobile version