لاہور : احتساب عدالت نے ضمانتی مچلکے جمع ہونے کے بعد اپوزیشن لیڈر پنجاب اسمبلی حمزہ شہباز کی رہائی کے روبکار جاری کر دیے ، جس کے بعد حمزہ شہباز کی رہائی کا امکان ہے۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت لاہور میں رمضان شوگر ملز ریفرنس میں حمزہ شہباز کے ضمانتی مچلکے جمع کروا دیے گئے، امجد پرویز ایڈووکیٹ کی جانب سے حمزہ شہباز کا ایک کروڑ کا ضمانتی مچلکہ جمع کروایا گیا۔
حمزہ شہباز کے ضمانتی مچلکے احتساب عدالت کے جج امجد نذیر چودھری کی عدالت میں جمع کروائے گئے ، ضمانتی مچلکے کیلئے ولید احمد اور مسعود اختر خان نے گواہی دی۔
حمزہ شہباز کی 2020 میں لاہور ہائیکورٹ نے رمضان شوگر ملز ریفرنس میں ضمانت منظور کی تھی، آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں گرفتاری اور ضمانت نہ ہونے پر رمضان شوگر مل کیس میں ضمانتی مچلکے جمع نہیں کروائے گئے تھے جو آج جمع کروا دیے گٸے۔
عدالت نے مچلکوں کی تصدیق کے بعد رہاٸی کے روبکار جاری کر دیے، حمزہ شہباز کے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں ضمانتی مچلکے جمع ہونا باقی ہے جس کے بعد ان کی رہائی عمل میں آ سکے گی۔
یاد رہے گذشتہ روزلاہور ہائی کورٹ نے آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں حمزہ شہباز کی درخواست ضمانت منظور کرتے ہوئے ایک ایک کروڑ کے 2 مچلکے جمع کرانے کا حکم دیا تھا۔