لاہور: پنجاب حکومت نے جے یو آئی (ف)کی ذیلی تنظیم الانصار پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا ، تنظیم الانصارپر پابندی کی منظوری پنجاب کابینہ سے لی جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت نے جے یو آئی (ف)کی ذیلی تنظیم الانصار پر پابندی لگانے کا فیصلہ کرلیا، اس سلسلے میں محکمہ داخلہ پنجاب نے تنظیم الانصارپر پابندی سے متعلق سمری کابینہ کمیٹی اور وزیراعلیٰ کو ارسال کردی ہے۔
محکمہ داخلہ پنجاب کا کہنا ہے کہ جے یو آئی (ف)کی ذیلی تنظیم الانصارپر پابندی کی منظوری پنجاب کابینہ سے لی جائے گی۔
خیال رہے یہ فیصلہ ایسے وقت کیا گیا ہے جب پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) نے پاکستان تحریک انصاف کی حکومت کے خلاف اسلام آباد کی طرف لانگ مارچ کرنے کا اعلان کیا ہوا ہے۔
یاد رہے اکتوبر 2019 میں وفاقی حکومت نے حزب اختلاف کی جماعتوں کے ممکنہ دھرنے کے دوران کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کیلئے اسلام آباد میں انصارالاسلام کے کارکنوں کے داخلے پر پابندی عائد کردی تھی۔
نوٹیفکیشن میں کہا گیا تھا کہ انصار الاسلام پر تشدد کارروائیوں میں ملوث ہوسکتی ہے، وفاق کو یقین ہے انصار الاسلام عسکری تنظیم بن چکی ہے۔
وزارت داخلہ کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ، وفاقی حکومت نے آرٹیکل 256 کے تحت جمعیت علمائے اسلام فضل (جے یو آئی-ف) کے سیکیورٹی ونگ انصرالاسلام کے کارکنوں کو اسلام آباد میں داخلے سے روک دیا تھا۔