جہانگیرترین کی حمایت میں تحریک انصاف کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کھل کر سامنے آگئے
Abdul Rehman
لاہور : جہانگیرترین کی حمایت میں تحریک انصاف کے ایم این ایز اور ایم پی ایز کھل کر سامنے آگئے، جن میں غلام بی بی بھروانہ،غلام محمد لالی، راجہ ریاض ، نعمان لنگڑیال، زوار وڑائچ، نذیر بلوچ شامل ہیں۔
تفصیلات کے مطابق بینکنگ کورٹ میں پیشی کے موقع تحریک انصاف کے اراکین اسمبلی جہانگیر ترین سے اظہار یکجہتی کیلئے پہنچے ، اراکین اسمبلی غلام بی بی بھروانہ،غلام محمد لالی، راجہ ریاض اور ارکان پنجاب اسمبلی میں نعمان لنگڑیال، زوار وڑائچ، نذیر بلوچ، اسلم بھروانہ، عبدالحئی دستی،سلمان نعیم،لالہ طاہررندھاوااور خرم لغاری شامل تھے۔
عدالت کے باہر کارکنان نے جہانگیر ترین کے حق میں نعرے بازی اور گل پاشی کی ، جہانگیر ترین کی پیشی سے پہلے ان کی رہائشگاہ پراراکین اسمبلی اوررہنماؤں کی بیٹھک بھی ہوئی۔
پیشی کے موقع پر پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی راجا ریاض نے میڈیا سے گفتگو میں کہا کہ عمران خان کو اعتماد کا ووٹ دلانے میں سب سے بڑا کردار جہانگیر ترین کا ہے، وہ مثبت کردار ادا نہ کرتے تو شاید وزیر اعظم اعتماد کا ووٹ نہ لے پاتے۔
پی ٹی آئی کے رکن قومی اسمبلی کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین نے پنجاب اور وفاق کی حکومتیں بنائیں، عمران خان کے اردگرد جو لوگ جہانگیر ترین کے خلاف سازشیں کررہے ہیں ، وزیر اعظم ان کے خلاف ایکشن لیں۔
بینکنگ کورٹ میں جہانگیرترین ،علی ترین،عامروارث اوررانانسیم کی عبوری ضمانت کی سماعت ہوئی ، جج کی رخصت کےباعث جہانگیر ترین کی عبوری ضمانت میں10 اپریل تک توسیع کر دی گئی۔