جو لوگ گھبرائے ہوئے ہیں انہیں چوہدری شجاعت کی صحت یاد آگئی، وزیراعظم خان
Abdul Rehman
اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے ق لیگ اور چوہدری برادران پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گھبرائےہوئے لوگ بیس بیس سال پرانی فوتگی کی دعا کیلئےجارہے ہیں۔
وزیر اعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف نے 25 سالہ جدوجہد میں ایسے اتار چڑھاؤ دیکھے ہیں کہ ہمارے کارکن اور قیادت بالکل بھی نہیں گھبرارہے ، البتہ جو لوگ گھبرا رہے ہیں انہیں چوہدری شجاعت حسین کی طبعیت خرابی کا خیال آگیا ہے اور وہ عیادت کے بہانے سیاسی رابطے کر رہے ہیں ، لیکن میں چوہدری برادران پر مکمل اعتماد کا اظہار کرتا ہوں۔
وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ ہمارے ملک میں لانگ ٹرم پلاننگ نہ ہونے کے باعث مسائل کا انبار موجود ہے ، چین اس لئے ترقی کر رہا ہے کہ وہ آنے والی نسلوں کا سوچ رہا ہے ، ہمارا المیہ یہ ہے کہ ہمیں صرف اپنے اقتدار کے پانچوں سالوں میں کام کرنا ہوتا ہے ، ہماری سیاسی جماعتیں ایسے کسی کام کو چھیڑتی ہی نہیں کو پانچ سال میں مکمل ہوتا نظر نہ آتا ہو ، ہم اپنی قوم کیلئے نہیں بلکہ آئندہ الیکشن کیلئے کام کرتے ہیں ۔
تقریب سے خطاب میں وزیراعظم نے کہا کہ ہمارے ملک کی آبادی جس قدر تیزی سے بڑھ رہی ہے ہمیں پانی ذخیرہ کرنے کی اتنی ہی ضرورت ہے ،ہماری تھر ، بلوچستان سمیت مختلف مقامات پر زمین بنجر پڑی ہے جسے پانی کی ضرورت ہے ، اگر ان علاقوں میں پانی ہو تو ہماری برآمدت بڑھ جائے ، ہم جو دس ڈیمز بنانے جا رہے ہیں ان سے دس سال میں ہماری پانی ذخیرہ کرنے کی استطاعت دوگنا ہو جائے گی۔
وزیراعظم عمران خان نے مزید کہا کہ وفاقی وزیر مونس الٰہی نے کالا باغ ڈیم کی بات میں ، اس میں کوئی شک نہیں کہ کالا باغ ڈیم آئیڈیل منصوبہ ہے ، لیکن ہمیں سندھ کے بھائیوں کو یقین دلانا ہوگا کہ ان کا پانی چوری نہیں ہو رہا بلکہ یہ ان کی بنجر زمینوں کو زرخیز کرے گا، جب تک ہمیں سندھ کے بھائیوں کو یقین نہیں دلاتے ، پاکستان مخالف قوتیں انہیں یہ باور کراتی رہیں گی کہ ان کا پانی چوری ہو رہا ہے ، انہیں انتشار پھیلانے کے مقاصد کیلئے استعمال کیا جاتا رہے گا ، ہم مرکز ہیں ، ہماری کوشش ہوتی ہے کہ تمام قوم اور صوبوں کو ساتھ لے کر چلیں۔